گرمی کی وجہ سے آئی پی ایل اگلے سال 10 مارچ سے شروع ہوسکتا ہے: دیوجیت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-06-2026
گرمی کی وجہ سے آئی پی ایل اگلے سال 10 مارچ سے شروع ہوسکتا ہے: دیوجیت
گرمی کی وجہ سے آئی پی ایل اگلے سال 10 مارچ سے شروع ہوسکتا ہے: دیوجیت

 



نئی دہلی
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ملک کے بیشتر حصوں میں مئی کے دوران پڑنے والی شدید گرمی سے بچنے کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو اگلے سال سے 10 مارچ سے 15 مئی کے درمیان منعقد کرنے پر غور کر رہا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے پی ٹی آئی کو یہ معلومات دی ہیں۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کرکٹ کے مصروف شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں میچوں کی تعداد 74 ہی رہے گی اور اسے بڑھا کر 94 نہیں کیا جائے گا۔عام طور پر آئی پی ایل مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہوتا ہے اور مئی کے آخر تک جاری رہتا ہے۔ سیکیا نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو پہلے شروع کرنے سے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین کو بھی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال آئی پی ایل 28 مارچ کو شروع ہوا تھا اور 31 مئی تک جاری رہا۔ ہم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ 15 مئی کے بعد ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے میں بارش یا مانسون سے پہلے کے موسمی حالات کی وجہ سے رکاوٹوں کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔سیکیا نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ اس وقت تک موسم بہت زیادہ گرم ہو جاتا ہے، جو نہ کھلاڑیوں کے لیے موزوں ہوتا ہے اور نہ ہی تماشائیوں کے لیے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری کے مطابق مئی کے آخری پندرہ دنوں میں بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے اثرات سے بچنے کے لیے ٹورنامنٹ کو تقریباً دو ہفتے پہلے شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی اور آئی پی ایل گورننگ کونسل دونوں سطحوں پر اس موضوع پر بات چیت جاری ہے کہ آیا ٹورنامنٹ کو مارچ کے آخر کے بجائے کچھ پہلے شروع کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔