نئی دہلی
سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ غیر شادی شدہ بالغ افراد کے درمیان باہمی رضامندی سے قائم جسمانی تعلق کو، صرف اسی بنیاد پر کسی فرد کے کردار پر سوال اٹھانے کی وجہ نہیں بنایا جا سکتا۔ عدالت نے یہ فیصلہ تلنگانہ کے ایک پولیس کانسٹیبل امیدوار کو ریلیف دیتے ہوئے دیا، جس کی تقرری ایک ناکام تعلق سے جڑے الزامات کی بنیاد پر روک دی گئی تھی۔
جسٹس منموہن اور جسٹس منوج مشرا پر مشتمل بینچ نے مشاہدہ کیا کہ ہر رومانوی تعلق لازمی طور پر شادی پر ختم نہیں ہوتا، اور اگر کوئی تعلق شادی تک نہ پہنچے تو اس سے یہ نتیجہ نہیں نکالا جا سکتا کہ کسی ایک فریق نے دوسرے کو دھوکہ دیا۔
عدالت نے گاجولا تیرپتھی کی اپیل منظور کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ کے اس حکم کو بحال کر دیا جس میں اس کی بطور اسٹائپنڈیری کیڈٹ ٹرینی پولیس کانسٹیبل تقرری پر دوبارہ غور کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
تیرپتھی کو پولیس کانسٹیبل کے طور پر عارضی طور پر منتخب کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اس کی تقرری منسوخ کر دی گئی کیونکہ اس کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ درج تھا۔ یہ مقدمہ اس کی پڑوسن کی شکایت پر بنا تھا، جس نے الزام لگایا تھا کہ اس کے ساتھ کئی سال تک شادی کے وعدے پر تعلق رہا، اور بعد میں اس نے کسی اور عورت سے شادی کر لی۔
بعد میں یہ تنازع حل ہو گیا اور 2015 میں لوک عدالت کے ذریعے فوجداری کارروائی ختم کر دی گئی۔درخواست گزار نے اپنی ایٹیسٹیشن فارم میں اس مقدمے کا ذکر خود کیا تھا اور یہ بھی نہیں کہا گیا کہ اس نے کوئی اہم معلومات چھپائی تھیں۔ اس کے باوجود حکام نے ان الزامات کو اخلاقی بدعنوانی قرار دیتے ہوئے اسے پولیس سروس کے لیے نامناسب سمجھا۔
عدالتِ عظمیٰ نے کہا کہ تیرپتھی اور شکایت کنندہ دونوں بالغ تھے اور پڑوسی تھے، اور ان کے درمیان تقریباً چار سال تک تعلق رہا۔بینچ نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں نہ تو زیادتی (ریپ) کا کوئی الزام تھا اور نہ ہی یہ ثابت ہوا کہ لوک عدالت میں سمجھوتہ دباؤ، دھمکی یا کسی لالچ کے تحت کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایسے قبل از شادی تعلقات آج کے دور میں عام ہیں، اور دو رضامند بالغ افراد کے درمیان جسمانی تعلق کو محض اس بنیاد پر کردار پر منفی رائے قائم کرنے کی وجہ نہیں بنایا جا سکتا۔ عدالت نے واضح کیا کہ کوئی قانون اس بات سے نہیں روکتا کہ دو بالغ افراد اپنی مرضی سے تعلق قائم کریں۔
عدالت نے مزید کہا کہ ہر تعلق لازماً شادی تک نہیں پہنچتا اور صرف تعلق ٹوٹنے سے یہ نتیجہ نہیں نکالا جا سکتا کہ کسی فریق نے دھوکہ دیا۔بینچ نے مشاہدہ کیا کہ دھوکہ دہی کے الزام کا تعین عام طور پر شکایت کنندہ کی گواہی سے ہوتا ہے، لیکن اس کیس میں شکایت کنندہ نے خود الزامات پر کارروائی جاری نہیں رکھی اور معاملہ ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
لہٰذا سپریم کورٹ نے اسکریننگ کمیٹی کے فیصلے کو من مانی قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے سنگل جج کے حکم کو بحال کیا اور ڈویژن بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا، جس نے تقرری منسوخی کو برقرار رکھا تھا۔