نئی دہلی/ آواز دی وائس
پارلیمنٹ کے دونوں ایوان ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اپنی کارروائی نہیں چلا سکے۔ اسی دوران کانگریس پارٹی کی خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے ایک خط لکھ کر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے کہا کہ آپ نے وزیر اعظم مودی کی ’غیر حاضری‘ کا دفاع کرنے کے لیے بی جے پی کے دباؤ میں آ کر خواتین اراکینِ پارلیمنٹ کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے۔
خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے اپنے خط میں کہا کہ انہیں اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ مسلسل مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرتی رہی ہیں۔ خط کے ذریعے خواتین اراکین نے یہ بھی کہا ko لوک سبھا سے وزیر اعظم مودی کی غیر حاضری ہمارے کسی خطرے کی وجہ سے نہیں تھی، بلکہ یہ خوف کا نتیجہ تھی۔
کانگریس کی خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے اپنے خط میں لکھا كہ ہم ہندوستانی نیشنل کانگریس کی اراکینِ پارلیمنٹ ہیں — ایک ایسی جماعت جو محبت، امن، آئینی اقدار اور انسانی وقار پر یقین رکھتی ہے۔ ہم تشدد اور دھمکی پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم جمہوری طور پر منتخب نمائندے ہیں، جنہیں ڈرا دھمکا کر خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ ہمارا یقین ہے کہ شفافیت ہی اسپیکر کے عہدے کی وقار اور اس ایوان کی ساکھ کو دوبارہ بحال کرنے کا واحد راستہ ہے۔
غیر جانبدار نگراں کے طور پر کام کریں
خط میں کہا گیا كہ ہم آپ کے عہدے اور آپ کی شخصیت کا پورا احترام کرتے ہیں۔ لیکن یہ واضح ہے کہ آپ حکمران جماعت کے مسلسل دباؤ میں ہیں۔ ہم آپ سے ایک بار پھر درخواست کرتے ہیں کہ آپ لوک سبھا کے غیر جانبدار نگراں کے طور پر کام کریں۔ ہم اس کوشش میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور آپ کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے خط میں مزید لکھا كہ تاریخ آپ کو اس شخص کے طور پر یاد رکھے جو مشکل حالات میں حق کے ساتھ کھڑا رہا اور قومی مفاد میں آئینی حدود کو برقرار رکھا۔ تاریخ آپ کو اس شخص کے طور پر یاد نہ رکھے جس نے دباؤ کے آگے جھک کر جمہوری اقدار کو کمزور کیا اور ملک کے جمہوری تانے بانے کو نقصان پہنچایا۔