نئی دہلی
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس پر نشانہ سادھتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی قومی مفاد اور شہریوں کی سلامتی کی بنیاد پر طے ہونی چاہیے، نہ کہ اپوزیشن پارٹی کی ’’فرسودہ سوچ‘‘ کی مجبوریوں کے تحت۔امت مالویہ اور پردیپ بھنڈاری سمیت بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کانگریس کو ’’ہندوستان مخالف‘‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ مرکزی اپوزیشن پارٹی تقسیم کی سیاست کرتی ہے۔ حکمراں جماعت نے کہا کہ اپوزیشن کو صرف اپنے ووٹ بینک سے محبت ہے، ملک اور عوام سے نہیں۔
مالویہ نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا كہ یہاں تک کہ چین، جس نے برسوں تک ایران کو سفارتی طور پر بچایا، اس کی جانب سے مبینہ پراکسی دہشت گرد گروہوں کی حمایت کو نظرانداز کیا اور اس کا زیادہ تر تیل خریدا، وہ بھی اب تہران سے دوری بنا رہا ہے۔
بی جے پی کے آئی ٹی شعبہ کے سربراہ نے کہا، ’’اس کے باوجود کانگریس چاہتی ہے کہ ہندوستان آنکھ بند کرکے ایران کا ساتھ دے، جبکہ وہ خلیجی خطے میں اندھا دھند سرگرمیاں جاری رکھتا ہے، اہم تیل سپلائی راستوں کو خطرے میں ڈالتا ہے اور اس علاقے میں کشیدگی بڑھاتا ہے جہاں لاکھوں ہندوستانی رہتے اور کام کرتے ہیں۔ مالویہ نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ’’ملک کے مفاد اور اپنے شہریوں کی سلامتی‘‘ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے، نہ کہ کانگریس کی پرانی اور ناکارہ سوچ کی مجبوریوں سے۔
سری لنکا کے ساحل کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں ایک امریکی آبدوز کی جانب سے ایک ایرانی جنگی جہاز کو ٹارپیڈو مار کر ڈبونے کے ایک دن بعد کانگریس نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ حکومتِ ہند اس سے پہلے کبھی اتنی ’’بزدل اور خوفزدہ‘‘ نظر نہیں آئی۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا کا تنازعہ ہندوستان کی دہلیز تک پہنچ گیا ہے لیکن وزیر اعظم نے اس پر کچھ نہیں کہا۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ ملک کو قیادت کے لیے مضبوط ہاتھ کی ضرورت تھی، لیکن اس کے پاس ایک ’’سمجھوتہ کرنے والا وزیر اعظم‘‘ ہے جس نے ہماری اسٹریٹجک خودمختاری کو قربان کر دیا ہے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان بھنڈاری نے اپنے سخت جواب میں کہا كہ ہندوستان مخالف کانگریس چاہتی ہے کہ بی جے پی ایسے تنازعے پر تبصرہ کرے جس میں وہ براہِ راست شامل نہیں ہے، جبکہ اس کا اپنا ریکارڈ قومی مفاد کی قیمت پر خاموش رہنے کا رہا ہے۔ انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ جب کانگریس اقتدار میں تھی تو کانگریس رہنما سونیا گاندھی نے اُس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ’’ہدایت‘‘ دی تھی کہ کسی بھی وزیر کو نکسل تشدد کے باعث بے گناہ لوگوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار نہ کرنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا كہ ٹکڑے ٹکڑے کانگریس ہندوستان اور ہندوستانیوں سے نفرت کرتی ہے، جبکہ ووٹ بینک سے محبت کرتی ہے۔بی جے پی کے ایک اور قومی ترجمان شہزاد پونہ والا نے بھی یہی بات دہرائی۔ پونہ والا نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’وزیر اعظم منموہن سنگھ کی ہدایت پر کابینہ سکریٹری کے 2010 کے ایک خط میں دنتے واڑہ میں 76 سی آر پی ایف جوانوں کے بے رحمانہ قتل کے فوراً بعد تمام مرکزی وزرا کو نکسل/ماؤ نواز مسئلے پر عوامی تبصرہ کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
بی جے پی ترجمان نے کہا كہ بائیں بازو کی شدت پسندی کے معاملے پر کانگریس کا نرم رویہ یہ تھا کہ اپنے ہی وزرا کو خاموش کراؤ، ماؤ نوازوں کے ساتھ نرمی برتو اور سکیورٹی فورسز کو قیمت چکانے دو۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس ’’تب بھی کمزور تھی اور آج بھی کمزور ہے۔ان کے مطابق، ملک کے ’’سب سے بڑے داخلی سلامتی کے خطرے‘‘ کے خلاف مضبوط عزم اور اتحاد دکھانے کے بجائے کانگریس نے ’’خاموشی، نقصان کو قابو کرنے اور تنقید کو چھپانے‘‘ کا راستہ اختیار کیا۔