کرناٹک کابینہ پر کانگریس قیادت کا اہم اجلاس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
کرناٹک کابینہ پر کانگریس قیادت کا اہم اجلاس
کرناٹک کابینہ پر کانگریس قیادت کا اہم اجلاس

 



نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکار جن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے منگل کو نئی دہلی میں کرناٹک کے نامزد وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور سینئر رہنما سدارامیا کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اس اجلاس میں کرناٹک کی نئی کابینہ کی تشکیل اور آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔

یہ اجلاس سدارامیا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفے کے بعد منعقد ہوا، جس کے ساتھ ہی قیادت کی طے شدہ منتقلی کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہوگیا اور ڈی کے شیوکمار کے لیے ریاستی حکومت کی قیادت سنبھالنے کی راہ ہموار ہوئی۔ اس سے قبل ڈی کے شیوکمار نئی دہلی میں کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں حلف برداری سے قبل کابینہ کی تشکیل اور تنظیمی تقرریوں کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس کو اس لحاظ سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ کانگریس قیادت کرناٹک کی نئی کابینہ کے خدوخال کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اس میں وزارتی عہدوں کی تقسیم، نائب وزیر اعلیٰ کے منصب اور ریاستی کانگریس تنظیم میں ممکنہ ردوبدل جیسے معاملات شامل ہیں۔

منگل کو دن بھر کرناٹک کے متعدد سینئر کانگریسی رہنما نئی دہلی میں پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت کرتے رہے۔ ان ملاقاتوں میں سدارامیا، کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال اور دیگر اہم رہنما بھی شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ ڈی کے شیوکمار کی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری کی تقریب 3 جون کو شام 4 بجے لوک بھون، بنگلورو میں منعقد ہوگی۔