گوہاٹی
آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ یکساں سول کوڈ کا مطالبہ سب سے پہلے کانگریس نے 1925 میں کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعت اب سیکولر نہیں رہی اور ایک مخصوص برادری کی نمائندہ بن چکی ہے۔
آسام اسمبلی میں "یونیفارم سول کوڈ، آسام 2026 بل" پر بحث کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرما نے کہا کہ مجوزہ قانون کی بنیاد آئین کے آرٹیکل 44 پر ہے، نہ کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) یا آر ایس ایس کے نظریے پر، جیسا کہ اپوزیشن دعویٰ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یو سی سی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ سب سے پہلے 1925 میں کانگریس نے اس کا مطالبہ کیا تھا۔ 1937 میں جواہر لعل نہرو نے بھی اس کی حمایت کی تھی۔ آج وہی کانگریس قرآن اور شریعت کے نقطۂ نظر سے اس کی مخالفت کر رہی ہے، نہ کہ ہندو، عیسائی یا قبائلی نقطۂ نظر سے۔
سرما نے مزید کہا کہ کانگریس یو سی سی کی مخالفت کر رہی ہے۔ اسمبلی میں اس کی موجودہ نمائندگی ثابت کرتی ہے کہ وہ تمام ذاتوں، عقائد اور مذاہب کی نمائندہ نہیں رہی بلکہ صرف ایک مخصوص برادری کی نمائندگی کر رہی ہے۔ کانگریس آسام کی جغرافیائی حقیقت کی نمائندگی نہیں کرتی۔
آسام اسمبلی کی 126 رکنی ایوان میں کانگریس کے 19 ارکان اسمبلی ہیں، جن میں سے 18 مسلم برادری سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ایک ہندو رکن ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ کانگریس کو دیکھ کر افسوس اور تکلیف ہوتی ہے۔ ہمارے بیانات تمام مذاہب اور تمام لوگوں کی نمائندگی کرنے والے ہونے چاہئیں۔ میرا ماننا ہے کہ کانگریس کو فرقہ وارانہ جماعت بننے کے بجائے ہندوستان کی سیکولر روایت پر عمل کرنا چاہیے۔
انہوں نے گوا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب 1961 میں یہ ریاست ہندوستان میں شامل ہوئی تو اُس وقت کی کانگریس حکومت نے پرتگالی مشترکہ سول قانون کو برقرار رکھا، جس کے نتیجے میں گوا ملک کی پہلی ریاست بنی جہاں ایسا قانون نافذ تھا۔گوا نے 1961 میں ہندوستانی یونین میں شامل ہونے کے بعد اپنے موجودہ خاندانی قانون، یعنی پرتگالی سول کوڈ 1867 کو برقرار رکھا اور بعد میں اسے گوا سول کوڈ کا نام دیا گیا۔
سرما نے کہا کہ اتراکھنڈ اور گجرات کے بعد آسام یو سی سی نافذ کرنے والی ہندوستان کی تیسری ریاست بنے گی۔ یہ صنفی انصاف کی سمت ایک بڑا قدم ہوگا۔ اس بل کی بنیاد آئینِ ہند کا آرٹیکل 44 ہے۔
انہوں نے مجوزہ قانون کے دائرے سے قبائلی برادریوں کو باہر رکھنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ذاتی معاملات سے متعلق صدیوں پرانے روایتی قوانین موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی برادری کثرتِ ازدواج کی حمایت نہیں کرتی، لڑکیوں کو برابر حقوق دیتی ہے اور لیو اِن ریلیشن شپ کو تسلیم نہیں کرتی۔ ایک طرح سے وہ صدیوں سے یو سی سی پر عمل کر رہی ہے۔ خود ضابطگی بہترین ضابطگی ہے، اس لیے ہم قبائلیوں پر یہ قانون نافذ نہیں کرنا چاہتے۔
واضح رہے کہ آسام حکومت نے پیر کے روز یونیفارم سول کوڈ بل اسمبلی میں پیش کیا تھا، جس کا مقصد مذہب سے بالاتر ہو کر شادی، طلاق، وراثت اور لیو اِن ریلیشن شپ جیسے ذاتی معاملات کے لیے یکساں قوانین نافذ کرنا ہے۔اس بل میں کثرتِ ازدواج پر پابندی اور لیو اِن ریلیشن شپ کی لازمی رجسٹریشن کی تجویز دی گئی ہے۔
تاہم بل میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ قانون آسام میں رہنے والے شیڈولڈ ٹرائبز (قبائلی برادریوں) پر لاگو نہیں ہوگا۔بل میں مختلف سزاؤں کی بھی تجویز دی گئی ہے، جن میں دوہری شادی یا کثرتِ ازدواج پر سات سال تک قید اور لیو اِن ریلیشن شپ کی رجسٹریشن نہ کرانے پر تین ماہ تک قید شامل ہے۔