اے آئی سربراہی اجلاس میں کانگریس کا احتجاج غداری کے مترادف: بی جے پی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-02-2026
اے آئی سربراہی اجلاس میں کانگریس کا احتجاج غداری کے مترادف: بی جے پی
اے آئی سربراہی اجلاس میں کانگریس کا احتجاج غداری کے مترادف: بی جے پی

 



نئی دہلی
حکمراں جماعت بی جے پی نے ہفتہ کے روز انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے دوران اپوزیشن جماعت کی یوتھ ونگ کی جانب سے کیے گئے احتجاج پر کانگریس اور راہل گاندھی کے خلاف تازہ حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام “غداری” کے مترادف ہے، کیونکہ “لشکرِ راہل کے سپاہیوں” نے ملک کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) کے کارکنوں کے ایک گروپ نے جمعہ کے روز اے آئی سمٹ کے مقام بھارت منڈپم کے ایک نمائش ہال میں مختصر احتجاج کیا اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں وہاں سے ہٹا دیا۔
احتجاج پر کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان سدھانشو تریویدی نے کہا كہ کانگریس نے جو کچھ کیا ہے وہ محض سیاست نہیں ہے۔ اسے صرف منفی سیاست کہہ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ غداری کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا كہ اب تک راہل گاندھی بیرونِ ملک جا کر ہندوستان کے خلاف توہین آمیز، جارحانہ اور قابلِ مذمت بیانات دیتے رہے ہیں۔ اب لشکرِ راہل کے علمبردار اور سپاہی غیر ملکی مہمانوں کے سامنے ہندوستان کی شبیہ کو داغدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تریویدی نے الزام لگایا کہ اے آئی سمٹ کے مقام پر کیا گیا یہ احتجاج کانگریس کی “تنگ نظری اور بے نقاب رویے” کی شرمناک مثال ہے۔
انہوں نے کہا كہ پورا ملک دکھی اور مشتعل ہے۔ عوام اس قابلِ مذمت طرزِ عمل پر کانگریس کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔