راجوری میں نوجوانوں کے لیے کمیونٹی ریڈیو 'سنگم 88.8' شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-05-2026
راجوری میں نوجوانوں کے لیے کمیونٹی ریڈیو 'سنگم 88.8' شروع
راجوری میں نوجوانوں کے لیے کمیونٹی ریڈیو 'سنگم 88.8' شروع

 



راجوری
ایک شاندار اقدام کے تحت ہندوستانی فوج نے سرحدی ضلع راجوری کے ڈونگی بلاک میں ایک کمیونٹی ریڈیو “سنگم 88.8” کا آغاز کیا ہے۔ یہ ریڈیو مقامی ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرتا ہے۔
آر جے سنا نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیونٹی ریڈیو کی بہت اہمیت ہے کیونکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو عام طور پر ضروری معلومات، سرکاری اسکیموں اور دیگر وسائل تک رسائی نہیں ہوتی۔انہوں نے بتایا کہ اس ملازمت کے لیے تقریباً 200 سے 250 امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں وہ خود بھی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہندوستانی فوج کی ایک قابلِ ستائش پہل کے بارے میں معلوم ہوا کہ کیری کے سرحدی علاقے میں ایک کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے، جس کے لیے انہوں نے فوراً درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔
آر جے سنا نے کہا کہ انہوں نے تیاری شروع کی، فارم بھرا اور انتظار کیا، اور وہاں بہت سے امیدوار موجود تھے، تقریباً دو سو سے ڈھائی سو افراد۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ دوسرا اور سب سے اہم مقصد یہ ہے کہ سرحدی علاقوں کے لوگوں تک معلومات، سرکاری اسکیمیں اور دیگر سہولتیں آسانی سے پہنچ سکیں۔
آر جے جسپریت کور نے بھی اس کمیونٹی ریڈیو کے کام کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور کہا کہ یہ ریڈیو مختلف موضوعات پر آگاہی پھیلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور آر جے ان کا کام لوگوں کو سرکاری اسکیموں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کے خلاف مہم اور “صفائی مہم” جیسے موضوعات پر مختصر ڈراموں کے ذریعے بھی شعور اجاگر کیا جاتا ہے، جنہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم بچوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع بھی دیتا ہے، اور بہت سے بچے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے “سنگم 88.8” پر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کے برعکس سرحدی علاقوں میں بچوں کے لیے مواقع کم ہوتے ہیں، لیکن ہندوستانی فوج اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ نوجوانوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔