اپریل میں تین سال میں سرد ترین دن ، درجہ حرارت 6 ڈگری تک گرا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-04-2026
اپریل میں تین سال میں سرد ترین دن ، درجہ حرارت 6 ڈگری تک گرا
اپریل میں تین سال میں سرد ترین دن ، درجہ حرارت 6 ڈگری تک گرا

 



نئی دہلی
دہلی میں اپریل کے مہینے میں مسلسل ہو رہی بارش نے فروری جیسی خوشگوار خنکی کا احساس دلا دیا ہے۔ بدھ 8 اپریل کو دہلی میں اس ماہ کا گزشتہ تین برسوں میں سب سے ٹھنڈا دن ریکارڈ کیا گیا۔ فی الحال راحت کے آثار نہیں ہیں، کیونکہ آج بھی تیز بارش کے پیشِ نظر محکمۂ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اپریل میں یہ تیسرا سرگرم مغربی ڈسٹربنس ہے، جس نے این سی آر کے علاقوں کو خوب بھگو دیا ہے۔ دہلی، نوئیڈا سے لے کر غازی آباد تک زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں 6 سے 7 ڈگری تک کمی دیکھی گئی ہے۔
منگل کے روز دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 28.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 6.3 ڈگری کم تھا۔ اپریل 2023 کے بعد یہ اپریل کا سب سے کم درجۂ حرارت ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق اس سے قبل یکم اپریل 2023 کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 28.4 ڈگری تک گر گیا تھا، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 20.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ نمی کی سطح بھی زیادہ رہی۔ دہلی میں منگل صبح 8:30 بجے سے شام 5:30 بجے کے درمیان 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ پالم اور رج میں 2.1 ملی میٹر اور آیانگر میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ہندوستانی محکمۂ موسمیات کے مطابق موسم میں یہ تبدیلی مغربی ڈسٹربنس اور ہواؤں کے بدلتے رجحان کی وجہ سے آئی ہے۔ بدھ کے روز بھی بارش اور ابر آلود موسم کا امکان ہے، جس کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ درجۂ حرارت صبح کے وقت 17 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی میں فضائی معیار درمیانی سطح پر برقرار ہے اور اے کیو آئی 114 ریکارڈ کیا گیا۔ آنے والے وقت میں ہوا کے مزید صاف رہنے کی امید ہے۔ نوئیڈا اور غازی آباد میں اچانک آندھی اور تیز بارش نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا، کئی مقامات پر درخت گرنے اور ٹریفک کی مشکلات بھی سامنے آئیں۔