سرینگر/ آواز دی وائس
جمعہ کے روز وادیٔ کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں رہی، جہاں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔ سرد ہواؤں اور شدید ٹھنڈ نے لوگوں کو مجبور کر دیا کہ وہ خود کو گرم رکھنے کے لیے موٹے اور بھاری گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔
سرینگر میں لوگ سخت سردی کے باوجود گرم ملبوسات پہن کر اپنی صبح کی فٹنس سرگرمیاں جاری رکھتے نظر آئے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، آج شہر میں کم از کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12.6 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
علاقے سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دھند سے ڈھکی سڑکیں دکھائی دیں، جبکہ مقامی لوگ منجمد ماحول کے باوجود اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف نظر آئے۔ دسمبر کے آغاز کے ساتھ ہی آئندہ دنوں میں سردی میں مزید اضافہ ہونے کے آثار ہیں، جس سے وادی میں موسمِ سرما کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
راجوری کے دور دراز علاقوں میں پہلی بار آزادی کے بعد سڑک رابطہ قائم
ادھر ایک بڑے ترقیاتی قدم کے طور پر، ضلع راجوری کی تحصیل کلاکوٹ کے کئی دور دراز اور پہاڑی دیہات میں آزادی کے بعد پہلی بار سڑک کا رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ نئی تعمیر شدہ سڑک نے پٹہ سے گھوڑر گاؤں کو جوڑ دیا ہے، جبکہ پہلے سے کٹ آف علاقوں جیسے اَرّاس گاؤں کو بھی تحصیل ہیڈکوارٹر، ضلع ہیڈکوارٹر اور راجوری–کلاکوٹ ہائی وے سے رابطہ فراہم کر دیا ہے۔ یہ سڑکیں نابارڈ اسکیم کے تحت بنائی گئی ہیں۔
مقامی لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا
مقامی رہائشیوں نے پہاڑی اور دشوار گزار علاقے پیر پنجال میں 70 سال بعد موٹر ایبل سڑک پہنچانے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ رہائشی جگدیو سنگھ نے بتایا کہ نئی سڑک نے مقامی زندگی کو بدل کر رکھ دیا ہے، خاص طور پر بچوں کے لیے۔ اب بچے بآسانی اسکول جا سکتے ہیں اور اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں حکومت کا شکر گزار ہوں۔ 70 سال بعد پہلی بار اس علاقے میں سڑک بنی ہے۔ یہ پہلے پسماندہ علاقہ تھا… یہاں کے بچے ناخواندہ رہتے تھے، اسکول نہیں جا پاتے تھے… اب وہ اسکول جاتے ہیں… میں حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔۔۔ اسی طرح ایک اور رہائشی منوہر لال نے بتایا کہ پہلے مناسب سڑک نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم مودی کی حکومت میں علاقے میں اب سڑکیں اور بجلی پہنچ چکی ہے، جس سے لوگوں کو بڑی راحت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اچھا کام کیا ہے… پہلے ہمیں بہت پریشانی ہوتی تھی… اب وزیراعظم مودی کی حکومت میں فائدے ملے ہیں… ہر گھر کے پاس سڑک ہے، بجلی ہے… پہلے کچھ نہیں تھا… بچے پیدل اسکول جاتے تھے… کوئی رابطہ نہیں تھا… وزیراعظم مودی کا شکریہ… جب بزرگ بیمار ہوتے تھے تو ہم گھوڑوں پر لے جاتے تھے… سرکاری افسر بھی یہاں نہیں پہنچ سکتے تھے… بچوں اور اساتذہ کو اس گاؤں تک آنے میں مسئلہ ہوتا تھا… اسپتال لے جانے میں دشواری تھی… وزیراعظم مودی نے بہت کام کیا ہے۔۔۔