کشمیر : سردی کی لہر ،منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
کشمیر : سردی کی لہر ،منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ
کشمیر : سردی کی لہر ،منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ

 



سری نگر/ آواز دی وائس
سرینگر، کشمیر میں شدید سردی کی لہر نے دستک دے دی ہے۔ کم از کم درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہاں سردی کا زور مسلسل بڑھ رہا ہے۔ حکام نے جمعہ کو یہ معلومات فراہم کیں۔
حکام کے مطابق جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں جمعرات کی رات کم از کم درجۂ حرارت منفی 3.6 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ اس سے پچھلی رات یہ درجہ حرارت منفی 2.9 ڈگری سیلسیس تھا۔ انہوں نے بتایا کہ رات کا درجۂ حرارت معمول سے 2.4 ڈگری کم تھا۔
جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں کم از کم درجۂ حرارت منفی 2.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں یہ درجۂ حرارت منفی 3.6 ڈگری اور جنوبی کشمیر کے کوکر ناگ میں منفی 0.7 ڈگری سیلسیس رہا۔ حکام کے مطابق جنوبی کشمیر میں امرناتھ یاترا کے بنیادی کیمپوں میں سے ایک پہلگام میں کم از کم درجۂ حرارت منفی 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔
شمالی کشمیر کے مشہور اسکی ریزورٹ گلمرگ میں رات کا درجۂ حرارت صفر ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ حکام کے مطابق جنوبی کشمیر کا پلواںہ پوری وادیٔ کشمیر کا سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجۂ حرارت منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قریبی شوپیاں میں درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سیلسیس رہا۔ وادیٔ کشمیر میں خشک موسم کے باعث کھانسی، زکام اور دیگر موسمی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔
ڈاکٹروں نے خصوصاً بچوں اور بزرگوں سمیت تمام افراد کو احتیاط برتنے اور زیادہ سے زیادہ گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 13 سے 17 دسمبر کے درمیان شمالی اور وسطی کشمیر کے چند بلند علاقوں میں بہت ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق 18 اور 19 دسمبر کو موسم جزوی یا مکمل طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، لیکن 20-21 دسمبر کو چِلّۂ کلان کے آغاز کے ساتھ ہی وادی کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے امکانات ہیں۔
چِلّۂ کلان‘ سردیوں کا سب سے سخت دور ہوتا ہے، جو 21 دسمبر سے شروع ہوتا ہے۔ اس کے 40 دنوں کے دوران برفباری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں اور درجۂ حرارت شدید حد تک گر جاتا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے کہا کہ آئندہ دنوں میں وادی کے کئی علاقوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کے کہر کے چھائے رہنے کا امکان ہے۔