کاکروچ جنتا پارٹی کے 'ایکس' ہینڈل پر روک، نیا اکاؤنٹ شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-05-2026
کاکروچ جنتا پارٹی کے 'ایکس' ہینڈل پر روک، نیا اکاؤنٹ شروع
کاکروچ جنتا پارٹی کے 'ایکس' ہینڈل پر روک، نیا اکاؤنٹ شروع

 



نئی دہلی
گزشتہ ہفتے وجود میں آنے والی اور سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں فالوورز حاصل کرکے خبروں میں جگہ بنانے والی "کاکروچ جنتا پارٹی" کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جمعرات کو پابندی لگا دی گئی۔ تاہم اس پابندی کے کچھ ہی وقت بعد "کاکروچ اِز بیک" کے نام سے ایک نیا ہینڈل بنا لیا گیا۔
پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ اس بات کی پہلے ہی توقع تھی کیونکہ کل سے ہمارے اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی کوششیں جاری تھیں، لیکن حکومت کا یہ داؤ الٹا پڑ گیا ہے۔"کاکروچ اِز بیک" نامی ایکس ہینڈل شروع ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد دوپہر 3:40 بجے تک اس کے فالوورز کی تعداد 16,800 تک پہنچ چکی تھی۔
دیپکے کے مطابق، کاکروچ جنتا پارٹی کے اصل ایکس اکاؤنٹ پر 2 لاکھ 1 ہزار فالوورز موجود تھے۔
یہ جماعت اس وقت منظر عام پر آئی جب ہندوستان کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے سینئرٹی کا مطالبہ کرنے والے ایک وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ’’طفیلی‘‘ اور ’’کاکروچ‘‘ جیسے الفاظ استعمال کیے تھے۔بعد میں چیف جسٹس نے وضاحت دی تھی کہ ان کے بیان کا غلط مطلب نکالا گیا ہے اور ان کے ریمارکس خاص طور پر ان افراد کے لیے تھے جو جعلی ڈگریوں کے ذریعے وکالت کے پیشے میں داخل ہوتے ہیں۔
چیف جسٹس کا یہ بیان 15 مئی کو سامنے آیا تھا اور اس کے ایک دن بعد کاکروچ جنتا پارٹی وجود میں آئی۔ یہ فوراً سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اسے مختلف سیاسی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، فنکاروں اور بڑی تعداد میں نوجوانوں کی حمایت حاصل ہونے لگی۔
جمعرات کو اس کا ایکس اکاؤنٹ ہندوستان میں بند کر دیا گیا، جبکہ اس کا انسٹاگرام صفحہ بدستور فعال ہے اور اس کے تقریباً 1.43 کروڑ فالوورز ہیں۔ فالوورز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں اس صفحے کا موازنہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سرکاری اکاؤنٹ سے کیا گیا، جس کے فالوورز کی تعداد 88 لاکھ بتائی گئی۔
ابھیجیت دیپکے نے کاکروچ جنتا پارٹی کو ایک طنزیہ اور مزاحیہ پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی لگانے کے اقدام پر سوال اٹھایا اور کہا کہ اکاؤنٹ اور اس سے وابستہ تحریک تیزی سے مقبول ہو رہی تھی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایکس ہینڈل اور یہ تحریک مسلسل پھیل رہی تھی، ہر روز ہزاروں نئے فالوورز شامل ہو رہے تھے۔ شاید اسی وجہ سے حکومت خوفزدہ ہو گئی ہے۔ماضی میں عام آدمی پارٹی سے وابستہ رہنے والے دیپکے نے جمعرات کو ایکس پر یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ایکس پر "کاکروچ" نام سے کئی دوسرے اکاؤنٹس بھی سرگرم ہیں۔