یوپی اسمبلی میں یوگی کا بڑا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-12-2025
یوپی اسمبلی میں یوگی کا بڑا اعلان
یوپی اسمبلی میں یوگی کا بڑا اعلان

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز اسمبلی میں سماجوادی پارٹی پر سخت حملہ کیا اور اس کے ساتھ ہی ریاست کی ترقی سے متعلق مختلف منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ وزیرِ اعلیٰ یوگی نے کہا کہ آج سے نو سال پہلے ایک طرف سماجوادی پارٹی تھی اور دوسری طرف بی جے پی، سماجوادی پارٹی بکھر گئی۔ میں سوال کروں گا کہ قافلہ کیوں لُٹا؟ اِدھر اُدھر کی بات نہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی یوگی نے تجاوزات پر صاف لفظوں میں کہا کہ جو قبضہ کرے گا، میں اسے چھوڑوں گا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتشار اور بدامنی کے اس طوفان کے لیے کون ذمہ دار تھا؟ مافیا کے خلاف حکومت کی پالیسی سخت ہے۔ حکومت نے چار پہلوؤں پر کام کیا ہے۔ سب سے پہلے فرد، سماج اور ادارے کو تحفظ چاہیے، دل میں تحفظ کا احساس ہونا چاہیے۔
وزیرِ اعلیٰ یوگی نے کہا کہ یہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ آپ نے کیا کیا اور کیا نہیں کیا؟ اتر پردیش کی عوام نے نتیجہ دیا ہے۔ عوام دیکھ رہی ہے کہ کس نے کیا کام کیا ہے اور وہ آئندہ بھی نتیجہ دیتی رہے گی۔
۔2017 سے پہلے اتر پردیش کی شبیہ اچھی نہیں تھی
انہوں نے کہا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش کی شبیہ لوگوں کے ذہنوں میں اچھی نہیں تھی۔ آج لوگوں کے دل میں یہ احساس ہے کہ اب فسادات نہیں ہوتے۔ انصاف کیسے ہوتا ہے؟ آپ کی ہی پارٹی کی رکن تھیں، پوجا پال، آپ انہیں انصاف نہیں دلا سکے؟
وزیرِ اعلیٰ یوگی نے کہا کہ مافیا کے سامنے جھکنا مجبوری بن گیا تھا۔ آپ پی ڈی اے کی بات تو کرتے ہیں، لیکن انصاف کیسے دیتے ہیں؟ ہماری حکومت نے یہ طے کیا ہے کہ چاہے اِس طرف کا ہو یا اُس طرف کا، جو بھی قبضہ کرے گا، میں اسے نہیں چھوڑوں گا۔ چاہے کہیں بھی ہو، کسی بھی یادگار پر ہو، میں چھوڑوں گا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھانگور جیسے لوگوں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا۔ 2017 سے پہلے میٹرو کے نام پر مذاق اڑایا جاتا تھا۔ اُس وقت اتر پردیش میں ڈیڑھ ایکسپریس وے تھے، آج 22 ایکسپریس وے ہیں، جن میں سے 60 فیصد اتر پردیش کے پاس ہوں گے۔
اگلے مہینے سے جیوَر ایئرپورٹ کا آغاز
وزیرِ اعلیٰ یوگی نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا ریل نیٹ ورک اتر پردیش میں ہے۔ سب سے زیادہ میٹرو اور ایئرپورٹس بھی اتر پردیش میں ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جیوَر ایئرپورٹ اگلے مہینے سے کام شروع کرنے جا رہا ہے۔ سماجوادی پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بغیر رشوت دیے نوکری نہیں ملتی تھی، لیکن اب بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف ہو چکا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت نقل مافیا کے خلاف اسی طرح کارروائی کرے گی جیسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کی جاتی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ یوگی نے کہا کہ پہلے اتر پردیش میں فسادات کرا کے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جاتی تھی، جس کی وجہ سے سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری سے ڈرتے تھے، لیکن آج اتر پردیش میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ یہاں برہموس میزائل کی تیاری ہو رہی ہے اور نوجوان اب بھٹکنے پر مجبور نہیں ہیں۔