لکھنؤ
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو ریاست میں مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے ’’ہاؤس لسٹنگ اور ہاؤسنگ مردم شماری‘‘ کا آغاز کیا، جس کے دوران رہائش کی حالت، گھریلو سہولیات اور موجود اثاثوں سے متعلق جامع معلومات جمع کی جائیں گی۔وزیرِ اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مردم شماری صرف آبادی کی گنتی نہیں، بلکہ جامع، شمولیتی اور منظم ترقی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور اعداد و شمار پر مبنی فیصلوں کا ہے، اور مردم شماری سے حاصل ہونے والا درست ڈیٹا بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، سماجی تحفظ اور مختلف عوامی فلاحی منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مردم شماری اس بات کو یقینی بنانے کا ذریعہ ہے کہ سماج کا آخری فرد بھی ترقی کے دھارے میں برابر کا شریک بن سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا، ’’پہلے مرحلے میں گھروں کی فہرست سازی اور ہاؤسنگ مردم شماری کا کام انجام دیا جائے گا۔ عوام کو 7 مئی سے 21 مئی 2026 تک خود اندراج کا اختیار دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اپنی تفصیلات درج کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد مردم شماری کے اہلکار گھر گھر جا کر فیلڈ آپریشن کے دوران اندراج کا کام انجام دیں گے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ہر فرد کی مردم شماری کی جائے گی، اور اس بار ذات پر مبنی مردم شماری کو بھی شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار جنگلاتی دیہات کو بھی مردم شماری کے عمل میں شامل کیا جا رہا ہے۔اس عمل میں ٹیکنالوجی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گاؤں اور وارڈ کی سطح تک کام کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی مردم شماری پورٹل تیار کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے مطابق، اس وقت اتر پردیش کی متوقع آبادی تقریباً 25.7 کروڑ ہے۔ مردم شماری کا عمل 18 ڈویژن، 75 اضلاع، 350 تحصیلوں، 17 میونسپل کارپوریشنز، 745 شہری بلدیاتی اداروں، 21 چھاؤنی بورڈز، 57,694 گرام پنچایتوں اور تقریباً 1.04 لاکھ ریونیو دیہات میں انجام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے لیے تقریباً 5.47 لاکھ اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جن میں 4.5 لاکھ مردم شمار، 85 ہزار سپروائزرز اور 12 ہزار ریاستی و ضلعی سطح کے افسران شامل ہیں۔ دونوں مراحل کے لیے تقریباً 5.35 لاکھ اہلکاروں کو پہلے ہی تربیت دی جا چکی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے عمل میں سرگرمی سے حصہ لیں، کیونکہ اس سے مؤثر ترقیاتی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔