یاڈگیر (کرناٹک)کرناٹک کے ضلع یاڈگیر کے شاہاپور تعلقہ میں ایک سرکاری رہائشی اسکول کی نویں جماعت کی طالبہ نے اسکول کے بیت الخلا میں بچے کو جنم دیا۔یہ افسوسناک واقعہ 27 اگست بروز بدھ دوپہر تقریباً 2 بجےپیش آیا۔پولیس کے مطابق، لڑکی مکمل حمل کے مرحلے میں تھی اور تقریباً نو ماہ قبل ایک نامعلوم شخص نے اس کا جنسی استحصال کیا تھا۔اس واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب اس کی ساتھی طالبات نے دیکھا کہ وہ لیبر پین میں ہے اور فوری طور پر اسکول انتظامیہ کو اطلاع دی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق، ابتدائی طور پر لڑکی نے شدید ذہنی دباؤ کی حالت میں واقعے کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا اور صرف یہ کہا کہ اسے پیٹ میں درد ہوا اور بچے کی پیدائش بیت الخلا میں ہوئی۔لڑکی اور نومولود بچے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور دونوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نہ تو اسکول انتظامیہ اور نہ ہی لڑکی کے بھائی نے پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا۔تحقیقات کے دوران، ملزم کی شناخت 28 سالہ شخص کے طور پر ہوئی ہے اور ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کی شکایت پر POCSO ایکٹکے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، چار دیگر افراد جن میں ہاسٹل وارڈن، اسکول پرنسپل، نرسنگ اسٹاف اور متاثرہ لڑکی کا بھائی شامل ہیں، ان کے خلاف حاملہ لڑکی کی اطلاع نہ دینے کے الزام میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اسکول کے عملے کو معطل کر دیا گیا
کرناٹک ریزیڈنشل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ایسوسی ایشن(KREIS)نے پرنسپل اور ہاسٹل وارڈن سمیت چار ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔انہیں طلبہ کی تعلیمی اور طبی نگرانی میں غفلت برتنے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔ضلع کلکٹر ہرشل بوئار اور پولیس سپرنٹنڈنٹ پرتھوی شنکر نے مشترکہ بیان میں کہا:"ہم اس واقعے کی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کریں گے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ طبی رپورٹ آنے کے بعد ہم ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔ کسی کو بھی بچایا نہیں جائے گا۔"
بچوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ
چائلڈ رائٹس کمیشن کے رکن ششی دھر کوسمبےنے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"جب بچی میں جسمانی تبدیلیاں ظاہر ہونے لگیں، تب ہی متعلقہ افسران کو دھیان دینا چاہیے تھا۔ ہر ماہ میڈیکل چیک اپ لازمی ہے، لیکن سوشیل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اس میں ناکام رہا۔"انہوں نے متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور رہائشی اسکولوں میں ماہانہ طبی معائنے کو لازمی قرار دینے پر زور دیا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔