امپھال (منی پور): منی پور کے ضلع امپھال ایسٹ میں منگل کو یو این ایل ایف (پی) کے کیمپ کی منتقلی کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ کھندرکپم اسمبلی حلقے کے اویمپوک اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے سڑک بلاک کر کے حکومت کے اس فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی، جس کے تحت نونگشُم میں قائم یو این ایل ایف (پی) کے کیمپ کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ وادی کے ان دیہات کے لیے حفاظتی ڈھال کا کام کرتا ہے جو پہاڑی علاقوں سے متصل ہیں۔ حکام کے مطابق، کیمپ کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے متعدد گولے داغے۔ یہ کیمپ 2023 میں منی پور میں نسلی تشدد شروع ہونے کے بعد قائم کیا گیا تھا اور احتجاجی مقام اویمپوک سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
مظاہرین میں شامل منگالیما دیوی نے کہا، "جب سے یہ کیمپ قائم ہوا ہے، ہم سکون اور بغیر خوف کے زندگی گزار رہے ہیں۔ اگر اسے یہاں سے منتقل کر دیا گیا تو ہماری حفاظت کون کرے گا؟ اس کی موجودگی نے پہاڑی علاقوں سے مسلح جنگجوؤں کو وادی کے اس حصے میں داخل ہونے سے روکے رکھا ہے۔" واضح رہے کہ یو این ایل ایف (پی) نے نومبر 2023 میں مرکزی حکومت کے ساتھ امن معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد یہ حکومت کے ساتھ باضابطہ جنگ بندی کرنے والا وادی کا پہلا مسلح تنظیمی گروپ بن گیا۔