نئی دہلی
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر ملک کے تعلیمی نظام کو "مکمل طور پر تباہ" کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت ملک کو "وشو گرو" بنانے کے دعوے کرتی ہے، جبکہ دوسری طرف ایک بھی امتحان منصفانہ اور منظم انداز میں منعقد کرانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
راہل گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے بتایا کہ ملک بھر میں انڈر گریجویٹ کورسز میں داخلے کے لیے منعقد ہونے والے سی یو ای ٹی-یو جی 2026 کے امتحان کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث ہفتہ کے روز بعض امتحانی مراکز پر تاخیر ہوئی۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ نیٹ، سی بی ایس ای، ایس ایس سی اور آج سی یو ای ٹی۔ چار امتحانات، ایک کروڑ طلبہ، لیکن ایک بھی امتحان ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ منعقد نہیں ہو سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وشو گرو بننے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن ملک میں ایک امتحان بھی درست طریقے سے نہیں کروا سکتے۔ مودی جی نے پورا تعلیمی نظام تباہ کر دیا ہے۔لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس نسل کا مستقبل آپ برباد کر رہے ہیں، وہی نسل ایک دن آپ سے حساب لے گی۔