نئی دہلی۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے شریک کنوینر سورَو داس نے الزام عائد کیا ہے کہ پڈوچیری پولیس ان کے خاندان کے گھر پہنچی اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی۔ داس نے دعویٰ کیا کہ ان کے خاندان کو مرکزی حکومت کے کہنے پر خوف زدہ کیا جا رہا ہے۔
داس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں پولیس کی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ پولیس کو ان کے گھر جانے کا حکم کس نے دیا تھا اور اس کی وجہ کیا تھی۔
داس نے لکھا کہ 2 گھنٹے قبل پونڈیچیری پولیس ان کے خاندان کے گھر پہنچی اور اہل خانہ سے مختلف سوالات کیے۔ انہوں نے پولیس سے پوچھا کہ یہ ہراسانی کیوں کی جا رہی ہے۔ یہ حکم کس نے دیا اور کس مقصد کے لیے دیا گیا۔ کیا یہ قانونی طریقہ کار ہے۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ پڈوچیری میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت یافتہ حکومت ان کے خاندان کو خوف زدہ کر رہی ہے۔ داس نے کہا کہ یہ پڈوچیری حکومت کے مزاج کے مطابق نہیں ہے اور یہ کارروائی مرکزی حکومت کے کہنے پر کی جا رہی ہے۔
داس نے الزام لگایا کہ اس کارروائی کا مقصد انہیں خاموش کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے وہ اپنی سیاسی سرگرمیوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مقصد انہیں خاموش کرانے کے لیے خوف زدہ کرنا ہے تو یہ کامیاب نہیں ہوگا۔ اس سے وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ ایک بہتر نظام بنانے کے ان کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ ایسا نظام جس میں پولیس غنڈوں کی طرح کام کرنے کے بجائے قانون کی پاسداری کرے۔
انہوں نے ایک بار پھر سوال اٹھایا کہ پڈوچیری حکومت مرکزی حکومت کے کہنے پر ان کے خاندان کو کیوں خوف زدہ کر رہی ہے۔ یہ حکم کس نے دیا اور کس مقصد کے لیے دیا گیا۔ کیا یہ قانونی طریقہ کار ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے پڈوچیری دورے پر بھی داس نے سوال اٹھایا۔ انہوں نے لکھا کہ صرف 2 روز قبل امیت شاہ پڈوچیری میں تھے جہاں انہوں نے وہاں کے وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس ملاقات میں انہیں خوف زدہ کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی تھی۔
دریں اثنا پڈوچیری پولیس نے وضاحت کی کہ یہ دورہ یوم آزادی سے قبل کیے جانے والے معمول کے سکیورٹی اقدامات کا حصہ تھا۔
پولیس نے بتایا کہ وی آئی پی شخصیات کی آمد و رفت والے علاقوں میں گھروں اور ہوٹلوں میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حال ہی میں کوئی نیا شخص پڈوچیری آیا ہے یا وہاں قیام کر رہا ہے۔
پولیس کے ایک افسر نے واضح کیا کہ یہ پوچھ گچھ معمول کی کارروائی ہے اور یوم آزادی سے قبل کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا حصہ ہے۔