سی جے آئی نے خاتون وکیل کی سرزنش کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-02-2026
سی جے آئی نے خاتون وکیل کی سرزنش کی
سی جے آئی نے خاتون وکیل کی سرزنش کی

 



نئی دہلی
سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ایک خاتون وکیل کے رویّے کی سخت مذمت کی۔ اس وکیل نے کیرالہ میں کانگریس کے رکنِ اسمبلی راہل ممکوتھتھل کے خلاف درج عصمت دری کے مقدمات میں سے ایک میں شکایت کنندہ خاتون کے خلاف فیس بک پر ایک پوسٹ کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی پر مشتمل بنچ وکیل دیپا جوزف کی جانب سے دائر ایک رِٹ عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جس میں انہوں نے اپنی فیس بک پوسٹ کے سلسلے میں کیرالہ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔ سماعت کے آغاز میں ہی بنچ نے پوسٹ کی زبان اور لہجے پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سخت سرزنش
چیف جسٹس سوریہ کانت نے دیپا جوزف سے کہا كہ کیا آپ سے اس طرح کی زبان استعمال کرنے کی توقع کی جاتی ہے؟ آپ ایک وکیل ہیں۔ دیپا جوزف نے جواب دیا کہ پوسٹ کا مواد کانگریس کے رکنِ اسمبلی پر عصمت دری کا الزام لگانے والی خاتون کے شوہر کی جانب سے دی گئی معلومات پر مبنی تھا۔ انہوں نے کہا كہ شوہر نے مجھ سے رابطہ کیا اور انہوں نے ہی مجھے معلومات دی تھیں، اور میں نے اسی بنیاد پر پوسٹ کی۔ چیف جسٹس اس جواب سے مطمئن نہیں ہوئے اور انہوں نے پوچھا كہ کیا ہم ایک خاتون وکیل سے ایسی تحریر کی توقع کرتے ہیں؟
درخواست گزار نے کہا کہ انہوں نے کوئی ہتک آمیز بات نہیں لکھی اور نہ ہی متاثرہ خاتون کی شناخت ظاہر کی۔ جسٹس باگچی نے کہا کہ استعمال کی گئی زبان خواتین کے لیے انتہائی توہین آمیز ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انہیں اس بات پر حیرت ہے کہ ایک خاتون، دوسری خاتون کے خلاف اس طرح کیسے لکھ سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے مزید سوال کیا كہ آپ نے اپنی لغت کا کوئی لفظ چھوڑا ہی نہیں اور پھر بھی آپ کو کوئی پچھتاوا نہیں ہے! کیا ہم وہ سب عوامی طور پر پڑھ کر سنائیں جو آپ نے لکھا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شکایت کنندہ کے شوہر کی جانب سے دی گئی معلومات ہی عوامی کی گئی تھیں، مگر بنچ اس جواب سے مطمئن نہیں ہوئی۔ چیف جسٹس نے پوچھا كہ اگر شوہر آپ کے پاس بطور وکیل اپنی نجی معلومات لے کر آیا تھا، تو کیا آپ اس خفیہ معلومات کو عوامی کریں گی؟
یہ بکواس نہیں ہے:  دیپا جوزف
چیف جسٹس نے آگے پوچھا كہ کیا شوہر نے آپ سے یہ ساری بکواس لکھنے کو کہا تھا؟
دیپا جوزف نے جواب دیا كہ یہ بکواس نہیں ہے، جناب۔ جسٹس باگچی نے کہا کہ درخواست گزار عدالتی کارروائی کے ذریعے ایک خاص نظریے کو اجاگر اور فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی عدالت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا كہ کیا آپ یہ مقدمہ اپنے حقوق کے نفاذ کے لیے دائر کر رہی ہیں یا کسی خاص نظریے کی تشہیر کے لیے، جو جرم کی حد تک جا سکتا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتی ہیں کہ پولیس گرفتاری سے متعلق ہدایات پر عمل کرے۔ بنچ نے کہا کہ درخواست گزار اپنی راحت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے۔ جسٹس باگچی نے کہا كہ یہ اس معاملے کی جانچ کا فورم نہیں ہے۔
جب دیپا جوزف نے “ایک خاتون ہونے کے ناطے” اپنی بات رکھنے کی اجازت مانگی تو جسٹس باگچی نے جواب دیا كہ ایک خاتون ہوتے ہوئے آپ نے دوسری خواتین کے بارے میں کس قسم کے تبصرے کیے ہیں؟ 
درخواست گزار ہائی کورٹ سے رجوع کرے
چیف جسٹس نے کہا كہ اگر یہ ساری بکواس کسی مرد نے لکھی ہوتی تو ہم اسے یہیں گرفتار کروا دیتے۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پولیس کو درخواست گزار سے ورچوئل طریقے سے تفتیش کرنے کی ہدایت دی جائے۔ بنچ نے کہا کہ درخواست گزار ہائی کورٹ میں اپیل کر سکتی ہے۔ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی آزادی دیتے ہوئے درخواست خارج کر دی گئی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ جب کوئی شخص کروڑوں روپے کے ہرجانے کا مطالبہ کرتا ہے تو معاوضہ اس کی مرضی سے طے نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ہر معاملے میں نقصان کا ٹھوس اور معقول اندازہ ضروری ہوتا ہے۔