چترکوٹ میلہ:سوا لاکھ تک کے گدھوں کی فروخت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-11-2021
چترکوٹ میلہ:سوا لاکھ تک کے گدھوں کی فروخت
چترکوٹ میلہ:سوا لاکھ تک کے گدھوں کی فروخت

 

 

چترکوٹ: چترکوٹ میں دیوالی کے موقع پر منداکنی گھاٹ پر لگنے والے گدھوں کے میلے میں گدھوں کے لیے 1.25 لاکھ کی بولی لگائی گئی اور ہاتھوں ہاتھ نو ہزار گدھے اپنے نئے مالکان کے ہمراہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔

دیوالی کے میلے میں چترکوٹ میں مذہبی اور روحانی سرگرمیوں کا راج ہوتا ہے، جب کہ گدھے کا میلہ بھی لوگوں کے لیے جوش کا باعث ہوتا ہے۔ مختلف نسلوں کے گدھوں کی خریداری کے لیے ایک بڑے مرکز کے طور پر تیار کیے گئے اس گدھے کے میلے میں مختلف ریاستوں سے ہزاروں لوگ مختلف قد قامت کے گدھوں کو دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ منداکنی ندی کے کنارے لگنے والے گدھا میلے میں اس بار تقریباً پندرہ ہزار گدھے آئے۔

ان گدھوں کی قیمت دس ہزار سے لے کر 1.25 لاکھ روپے تک تھی۔ گدھوں کے تاجروں نے ان جانوروں کو جانچ پڑتال کے بعد خریدا۔ دو دنوں کے دوران تقریباً نو ہزار گدھے فروخت ہوگئے جس کی وجہ سے اس میلے میں تقریباً 20 کروڑ کا بزنس ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ منداکنی ندی کے کنارے دیوالی کے دوسرے دن لگنے والے اس تاریخی میلے کی شروعات مغل بادشاہ اورنگزیب نے کی تھی۔

یہ میلہ دو دنوں تک جاری رہتا ہے۔ اس میلے میں چھتیس گڑھ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش سے لوگ اپنے گدھے اور خچر لاتے ہیں۔ گدھوں کے میلے میں فلمی دنیا کے فنکاروں اور لیڈروں کے نام پر گدھوں کے نام رکھے گئے تھے، جس میں دیپیکا نامی گدھا سب سے زیادہ ایک لاکھ پچیس ہزار میں فروخت ہوا۔ گدھوں کے تاجر رام دولارے اور سکھلال نے بتایا کہ کروڑوں روپے کے لین دین کے باوجود اس میلے میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے تاجر کافی پریشان اور فکرمند نظر آئے۔

انتظامیہ کی جانب سے بھی دور دور سے آنے والے گدھوں کے بیوپاریوں کے لیے کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ چترکوٹ میں اس گدھوں کے میلے میں جہاں گدھوں کے تاجروں کو منافع کمانے کا موقع فراہم ہوتا ہے، وہیں مختلف علاقوں کے گدھوں کو بھی ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملتا ہے۔ یہاں گدھے بھی اپنی برادری کے دکھ درد آپس میں بانٹتے نظر آتے ہیں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں کے بعد اس بار اچھا کاروبار ہوا ہے۔