پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں زبردست ووٹنگ کے بعد تمام سیاسی سیمیقن بدل چکے ہیں۔ ہر پارٹی اپنی جیت کے دعوے کر رہی ہے۔ اسی دوران مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے ایک اہم بیان دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر این ڈی اے کی حکومت بنتی ہے، تو میں نائب وزیراعلیٰ بننے کی خواہش نہیں رکھتا، لیکن اگر موقع ملا تو اپنی پارٹی کے کسی اور لیڈر کو ضرور نائب وزیراعلیٰ بنا سکتا ہوں۔ چراغ پاسوان نے مزید کہا کہ 2025 میں نتیش کمار ایک بار پھر وزیراعلیٰ بننے جا رہے ہیں، مگر وہ خود ڈپٹی سی ایم نہیں بنیں گے۔ انہوں نے دہرایا کہ اگر این ڈی اے کی حکومت بنتی ہے تو وہ اپنی پارٹی کے کسی رہنما کو نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے بعد چراغ پاسوان نے کہا کہ وہ 2030 کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ بھی بہار کے لیے ہی کام کریں گے اور یہی رہیں گے۔
لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ پہلے بھی اسمبلی انتخابات لڑنا چاہتے تھے، لیکن نشستوں کی تقسیم میں تاخیر کی وجہ سے وقت کم رہ گیا۔ چراغ پاسوان کے مطابق، انہیں سب سے زیادہ سیاسی مشورے اپنی ماں سے ملتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ان کے والد رام ولاس پاسوان کو بھی سیاسی مشورے ان کی والدہ ہی دیا کرتی تھیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ چراغ پاسوان کی پارٹی اس بار 29 نشستوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔ کافی کوششوں کے بعد انہوں نے بی جے پی کو اس پر راضی کیا۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ انتخاب این ڈی اے کے ساتھ ساتھ چراغ پاسوان کے لیے بھی فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
اس اہم انتخاب میں زبردست ووٹنگ نے سیاسی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ریلی میں کہا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ نے جنگل راج کے لیڈروں کو 65 وولٹ کا جھٹکا دیا ہے۔ بہار کی عوام نے ’جنگل راج‘ کی سیاست کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔ نوجوانوں نے ترقی اور این ڈی اے پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے ووٹ کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بہار اب تبدیلی اور مستحکم حکومت کا حامی ہے۔