واشنگٹن
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس وقت ایک تیز بحث دیکھنے کو ملی جب اقوام متحدہ میں چین کے مشن نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا۔ اپنے بیان میں چینی مشن نے اسلاموفوبیا کی ہر شکل کی مخالفت، تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے فروغ اور مذہبی و ثقافتی تنوع کے احترام کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ چین اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
تاہم اس بیان پر ایغور کارکنان اور رہنماؤں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔روشن عباس ، جو ورلڈ ایغور کانگریس کی ایگزیکٹو کمیٹی کی چیئرپرسن ہیں، نے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "حیران کن حد تک بے باک" قرار دیا۔انہوں نے چینی حکومت پر اسلامی روایات کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا، جس میں ہزاروں مساجد کی تباہی، مذہبی سرگرمیوں پر پابندیاں، بچوں کے عبادت گاہوں میں داخلے پر روک اور لاکھوں ایغور مسلمانوں کی حراست شامل ہے، جنہیں بیجنگ "پیشہ ورانہ تربیتی مراکز" قرار دیتا ہے۔
عباس نے اس پالیسی کے ذاتی اثرات کا بھی ذکر کیا اور اپنی بہن گلشن عباس کی مسلسل حراست کی طرف توجہ دلائی۔
انہوں نے کہا کہ میری بہن کو صرف میرے ساتھ رشتہ ہونے کے جرم میں 7.5 سال سے زیادہ عرصے سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی جیل میں رکھا گیا ہے،" اور چین کے مذہبی و ثقافتی شناخت کے احترام کے دعوؤں پر سوال اٹھایا۔انہوں نے اس صورتحال کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ چین اسلاموفوبیا کے خلاف نہیں بلکہ "اسلامی طرزِ زندگی کے خلاف دنیا کی سب سے جارحانہ سرکاری مہم" چلا رہا ہے۔
ان خدشات کی تائید کرتے ہوئے صالح حیدر نے بھی بیجنگ کے بیان کو شدید منافقانہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات دراصل مسلم اکثریتی ممالک اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک سوچی سمجھی کوشش ہیں، تاکہ ایغور خطے میں مبینہ نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم اور جاری جبر سے توجہ ہٹائی جا سکے۔