نئی دہلی:سپریم کورٹ میں اُس وقت ایک نایاب منظر دیکھنے کو ملا جب بھارت کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے ایک درخواست کی سماعت کے دوران اپنے وکالت کے ابتدائی دنوں کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ عدالتی افسر بننے کے خواہشمند تھے تو ایک ہائی کورٹ جج نے پہلے ان پر ناراضی ظاہر کی، لیکن بعد میں کہا کہ “بار آپ کا انتظار کر رہی ہے”۔
چیف جسٹس نے یہ واقعہ عدالتی خدمات کی ایک امیدوار، پریرنا گپتا، کی حوصلہ افزائی کے لیے سنایا، جنہوں نے امتحانی پرچے کی دوبارہ جانچ کی درخواست کی تھی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی کی بنچ نے پریرنا گپتا کی درخواست تو خارج کر دی، لیکن وہ عدالت سے مسکراتے ہوئے باہر نکلیں۔
جب گپتا نے اپنے دلائل پیش کیے تو چیف جسٹس نے مداخلت کرتے ہوئے کہا، “میں اپنی زندگی کا ایک ذاتی واقعہ شیئر کرنا چاہتا ہوں، اور امید کرتا ہوں کہ اسے سن کر آپ خوشی خوشی یہاں سے جائیں گی، کیونکہ ہم آپ کی درخواست منظور نہیں کر سکتے۔” چیف جسٹس نے قانون کی تعلیم کے آخری سال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی عدالتی افسر بننا چاہتے تھے۔
انہوں نے تحریری امتحان پاس کر لیا تھا اور انٹرویو کے لیے بلایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، “جب میں آخری سال میں تھا، میں نے عدالتی خدمات کے لیے درخواست دی تھی۔ اُس وقت آخری سال کے طلبہ درخواست دے سکتے تھے۔ لیکن جب تک نتائج آئے، انتخابی عمل بدل چکا تھا۔ پہلے پبلک سروس کمیشن یہ عمل انجام دیتا تھا، پھر سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد ہائی کورٹ کے ججوں کو مضمون کے ماہر کے طور پر شامل کیا گیا، اور ان کی رائے کمیشن پر لازم ہو گئی۔”
چیف جسٹس نے بتایا کہ اسی دوران وہ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ چلے گئے اور وہاں وکالت شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے انٹرویو بورڈ میں وہی سینئر جج شامل تھے جن کے سامنے وہ چند دن پہلے دو اہم مقدمات میں دلائل دے چکے تھے۔ جسٹس سوریہ کانت نے کہا، “انٹرویو بورڈ کے لیے نامزد سب سے سینئر جج مجھے پہلے سے جانتے تھے، کیونکہ میں نے ان کے سامنے دو مقدمات میں بحث کی تھی۔
ان میں سے ایک مقدمہ ‘سنیتا رانی بنام بلدیو راج’ تھا، جس میں انہوں نے ازدواجی تنازع میں میری اپیل منظور کی تھی اور شیزوفرینیا کی بنیاد پر طلاق کے ضلعی جج کے فیصلے کو منسوخ کر دیا تھا۔” انہوں نے مزید کہا، “ایک دن انہوں نے مجھے اپنے چیمبر میں بلایا اور پوچھا: ‘کیا آپ عدالتی افسر بننا چاہتے ہیں؟’ میں نے کہا: جی ہاں۔
اس پر انہوں نے فوراً کہا: ‘میرے چیمبر سے باہر نکل جاؤ۔’” چیف جسٹس نے بتایا، “میں کانپتا ہوا باہر آیا۔ میرے تمام خواب ٹوٹ چکے تھے۔ مجھے لگا کہ انہوں نے مجھے جھڑک دیا ہے اور میرا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔” تاہم، اگلے دن اس کہانی نے نیا موڑ لیا، جب اسی جج نے انہیں دوبارہ بلایا اور ایسی نصیحت کی جس نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔
جسٹس سوریہ کانت نے کہا، “انہوں نے کہا: ‘اگر آپ جج بننا چاہتے ہیں تو خوش آمدید، لیکن میری صلاح یہ ہے کہ عدالتی افسر مت بنیے۔ بار آپ کا انتظار کر رہی ہے۔’” چیف جسٹس نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے انٹرویو میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں اپنے والدین کو بھی اس بارے میں نہیں بتایا، کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ وہ مایوس ہوں گے۔ بعد میں انہوں نے خود کو مکمل طور پر وکالت کے لیے وقف کر دیا۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل سے مسکراتے ہوئے پوچھا، “اب بتائیے، میں نے صحیح فیصلہ کیا تھا یا غلط؟” انہوں نے درخواست گزار کو مشورہ دیا کہ ایک سوالیہ پرچے کی دوبارہ جانچ میں الجھنے کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھیں۔ انہوں نے کہا، “اگلی بار اعلیٰ عدالتی خدمات کے لیے درخواست دیجیے۔ بار کے پاس دینے کے لیے بہت کچھ ہے۔” پریرنا گپتا عدالت میں قانونی راحت کی امید لے کر آئی تھیں، لیکن درخواست مسترد ہونے کے باوجود وہ مسکراتے ہوئے عدالت سے باہر نکلیں۔