چھتیس گڑھ: جگدل پور میں 208 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈال دیے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2025
چھتیس گڑھ: جگدل پور میں 208 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈال دیے
چھتیس گڑھ: جگدل پور میں 208 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈال دیے

 



جگدل پور: چھتیس گڑھ میں بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف جاری مہم کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ریاست کے ضلع بستر کے صدر مقام جگدل پور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں 208 نکسلائٹس نے آئین کو ہاتھ میں تھام کر خودسپردگی اختیار کی، جسے حکومت کی نکسل خاتمہ اور بحالی پالیسی کی بڑی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔

سرنڈر کرنے والوں میں 110 خواتین اور 98 مرد شامل ہیں، جو ممنوعہ تنظیم کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤسٹ) کے مختلف عہدوں پر فائز تھے۔ ان میں ایک مرکزی کمیٹی رکن، چار دانڈکارنیا اسپیشل زونل کمیٹی ممبران، ایک ریجنل کمیٹی ممبر، 21 ڈویژنل کمیٹی ممبران، 61 ایریا کمیٹی ممبران، 98 عام پارٹی کارکنان اور 22 پی ایل جی اے و دیگر کیڈرز شامل ہیں۔

اہم رہنماؤں میں مرکزی کمیٹی رکن روپیش عرف ساتیش، ڈی کے ایس زی سی ممبران بھاسکر عرف راجمن منڈاوی، رنیتا، راجو سلام، دھنو ویٹی عرف سنتو اور ریجنل کمیٹی ممبر رتن ایلام شامل ہیں۔ اس موقع پر نکسلائٹس نے 153 جدید و نیم خودکار ہتھیار بھی جمع کرائے، جن میں 19 اے کے-47، 17 ایس ایل آر، 23 انساس رائفلیں، ایک انساس ایل ایم جی، 36 .303 رائفلیں، 4 کاربائن، 11 بی جی ایل لانچرز، 41 بارہ بور اور سنگل شاٹ گنیں، اور ایک پستول شامل ہے۔

حکام نے اس اجتماعی خودسپردگی کو گزشتہ برسوں کی سب سے بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی جامع پالیسی کی کامیابی ہے، جو ترقی، مکالمے اور اعتماد سازی کے ذریعے باغیوں کو مرکزی دھارے میں لانے پر مرکوز ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، اس اقدام کے بعد ابوجھماڑ کا بیشتر علاقہ نکسل اثر سے آزاد ہو چکا ہے، اور شمالی بستر میں دہائیوں سے جاری نکسل تشدد کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق، اب صرف جنوبی بستر ایسا علاقہ ہے جہاں نکسل ازم باقی ہے۔ ادھر، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی جمعرات کے روز اعلان کیا کہ گزشتہ دو دنوں میں چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر میں کل 258 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈالے ہیں۔

انہوں نے اس پیش رفت کو ملک کی نکسل مخالف مہم میں "تاریخی دن" قرار دیا اور کہا کہ "نکسل ازم اب اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔" امت شاہ کے مطابق: بدھ کو مہاراشٹر میں 61 نکسلائٹس نے سرنڈر کیا جمعرات کو چھتیس گڑھ میں 170 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈالے اس سے ایک دن قبل ریاست میں مزید 27 باغیوں نے خودسپردگی اختیار کی یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت نکسل ازم کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کئی محاذوں پر بیک وقت کام کر رہی ہے، جن میں سیکیورٹی آپریشنز کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات، تعلیم، روزگار اور صحت کے شعبوں میں تیز ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔