نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کے روز کہا ہے کہ اس نے نومبر 2025 میں ہریانہ کے سرسا ویمن پولیس اسٹیشن پر ہونے والے گرینیڈ حملے کے معاملے میں نو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے، جن میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
چارج شیٹ میں شامل ملزمان کی شناخت پاکستانی شہری اور ہینڈلرز شہزاد بھٹی اور سہیل احمد عرف سہیل بلوچ کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ گرفتار بھارتی ملزمان میں دھیرج عرف دھیرُو، وکاس عرف وکی، سندیپ عرف ڈائمر، وکاس، سشیل عرف سلّو، محمد سجان عرف سجان عرف غازی، اور گرجنّت سنگھ شامل ہیں۔
این آئی اے نے پینچکولہ کی خصوصی عدالت میں دائر چارج شیٹ میں کہا ہے کہ ملزمان پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، بھارتیہ نیائے سنہتا اور دھماکہ خیز مادہ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق یہ حملہ ایک ایسی سازش کا حصہ تھا جسے پاکستانی گینگسٹر سے دہشت گرد بننے والے شہزاد بھٹی نے منظم کیا تھا، جس کا مقصد بھارت میں پولیس تنصیبات اور اہلکاروں کو نشانہ بنا کر عوام میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔
این آئی اے نے کہا، ’’شہزاد اور سہیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور انکرپٹڈ کمیونیکیشن چینلز کے ذریعے گرفتار ملزمان کو بھرتی کیا اور انہیں شدت پسندی کی طرف مائل کیا۔‘‘ تحقیقات کے مطابق شہزاد بھٹی نے بھارت میں آپریشنل ماڈیولز قائم کیے اور مقامی کارندوں کو پولیس تنصیبات پر گرینیڈ حملوں کی ذمہ داری سونپی۔ دھیرج اس کا اہم بھارتی رابطہ کار تھا جو مقامی نیٹ ورکس کے ساتھ حملوں کو منظم کرنے کا ذمہ دار تھا۔
این آئی اے کے مطابق ممکنہ اہداف کی ریکی کے بعد ملزمان نے سرسا کی ویمن پولیس اسٹیشن کو حملے کے لیے منتخب کیا۔ ایجنسی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے پنجاب کے امرتسر کا سفر کیا تھا تاکہ حملے میں استعمال ہونے والا گرینیڈ ملزم گرجنّت سنگھ سے حاصل کیا جا سکے۔ یہ گرینیڈ حملہ 25 نومبر 2025 کو کیا گیا تھا، جسے ملزمان نے موبائل فون پر ریکارڈ بھی کیا تاکہ اسے پھیلایا اور تشہیر کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان حملے کے بعد بھی ہینڈلر اور اس کے ساتھیوں سے رابطے میں رہے۔ این آئی اے نے بتایا کہ یہ پورا نیٹ ورک بھرتی، مالی معاونت، آپریشنل رابطہ کاری، دھماکہ خیز مواد کی فراہمی اور حملے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد پر مشتمل تھا، جو پاکستان میں موجود ہینڈلر کی ہدایات پر کام کر رہا تھا۔