مرکز کی لوک سبھا نشستیں 850 تک بڑھانے کی تجویز؟

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2026
ذرائع کے مطابق مرکز کی لوک سبھا نشستیں 850 تک بڑھانے کی تجویز
ذرائع کے مطابق مرکز کی لوک سبھا نشستیں 850 تک بڑھانے کی تجویز

 



 نئی دہلی: ذرائع کے مطابق حکومت نے 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے خواتین کے لیے ریزرویشن قانون پر عمل درآمد کے پیش نظر لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 815 نشستیں ریاستوں اور 35 نشستیں مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے مختص کی جائیں گی۔

فی الحال لوک سبھا میں 543 نشستیں موجود ہیں۔ حکومت 33 فیصد خواتین ریزرویشن کے نفاذ کے لیے آئینی ترمیمی بل 16، 17 اور 18 اپریل کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس خصوصی اجلاس میں ناری شکتی وندن ادھینیم 2023 میں ترامیم اور مجوزہ حد بندی بل پر بھی غور کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ترمیمی بل کی حمایت کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2029 تک خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا اور انہیں قانون ساز اداروں میں زیادہ حقوق حاصل ہوں گے۔

اپوزیشن جماعتوں نے مجوزہ حد بندی بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے جنوبی ریاستوں کی نمائندگی متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت عام مردم شماری سے قبل اس بل کو جلد بازی میں پیش کر رہی ہے۔

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی حکومت ریاستوں سے مناسب مشاورت کے بغیر آئینی ترمیم کو زبردستی نافذ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچا یا جنوبی ریاستوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو تمل ناڈو میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔