مرکز نے فوج کا غلط استعمال کرتے ہوئےاسٹیج توڑا، ممتا بنرجی کا الزام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2025
مرکز نے فوج کا غلط استعمال کرتے ہوئےاسٹیج توڑا، ممتا بنرجی کا الزام
مرکز نے فوج کا غلط استعمال کرتے ہوئےاسٹیج توڑا، ممتا بنرجی کا الزام

 



کلکتہ، 1 ستمبر (پی ٹی آئی)  مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے پیر کو الزام لگایا کہ مرکز نے بھارتی فوج کا ’’غلط استعمال‘‘ کرتے ہوئے کلکتہ کے میدان علاقے میں گاندھی کے مجسمے کے قریب لگایا گیا ٹی ایم سی کا احتجاجی اسٹیج منہدم کروا دیا۔ یہ اسٹیج مبینہ طور پر بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں میں بنگالی بولنے والے مزدوروں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کے لیے لگایا گیا تھا۔ممتا بنرجی کے مطابق فوج نے یہ قدم اس بنیاد پر اٹھایا کہ پروگرام کی اجازت کی مدت ختم ہو چکی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’میں فوج کو قصوروار نہیں ٹھہراتی، یہ بی جے پی کی انتقامی سیاست ہے۔ فوج کو سیاسی کھیل میں گھسیٹنا غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فوج کو یہ معاملہ کولکاتہ پولیس کے ساتھ طے کرنا چاہیے تھا۔ ’’وہ مجھے فون کرتے تو میں چند منٹوں میں اسٹیج ہٹوا دیتی۔ یہ پولیس کا کام تھا، فوج کا نہیں۔ٹی ایم سی پچھلے ایک ماہ سے ہفتے اور اتوار کو وہاں دھرنا دے رہی تھی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اس کے لیے 20 ہزار روپے بطور سیکورٹی جمع بھی کرائے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں فوج سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ بی جے پی کے ہاتھوں کا کھلونا نہ بنے۔ عوام ان سے محبت کرتے ہیں۔

بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ان کے پہنچتے ہی تقریباً 200 فوجی اہلکار وہاں سے بھاگ گئے۔ ’’میں نے کہا، آپ میرے دوست ہیں، یہ آپ کا قصور نہیں ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ منگل سے احتجاجی دھرنا ایسپلانیڈ کراسنگ پر ہوگا اور ریاست بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔دوسری جانب دفاعی حکام نے بیان جاری کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میدان علاقے میں کسی بھی پروگرام کے لیے زیادہ سے زیادہ دو دن کی اجازت دی جاتی ہے، تین دن سے زائد کے لیے وزارت دفاع سے منظوری ضروری ہے۔ ٹی ایم سی کا اسٹیج تقریباً ایک ماہ سے لگا ہوا تھا جسے ہٹانے کے لیے کئی بار یاد دہانی بھی کرائی گئی۔بی جے پی کے ریاستی صدر سمیق بھٹاچاریہ نے کہا کہ بنرجی اپنی ’’مایوسی‘‘ کے باعث فوج پر الزام لگا رہی ہیں، جبکہ سی پی آئی (ایم) کے لیڈر سجن چکرورتی نے کہا کہ ٹی ایم سی کی ’بھاشا آندولن‘ تحریک عوام میں مقبول نہیں ہے۔