پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے اضافہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2026
 پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے اضافہ
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے اضافہ

 



 نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعہ کے روز ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے کا اضافہ کر دیا۔

نئی دہلی میں پٹرول کی قیمت 94 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 97 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہو گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 87 روپے 67 پیسے سے بڑھ کر 90 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مغربی ایشیا میں جاری تنازعے کے سبب دنیا کو توانائی بحران کا سامنا ہے اور اہم بحری تجارتی راستے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی نے عالمی سپلائی کو متاثر کیا ہے۔

امریکہ۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ جنگ رواں سال 28 فروری سے جاری ہے۔ امریکہ اور ایران خطے میں طویل مدتی جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 100 امریکی ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار ہے۔

جنگ کے دائرے میں توسیع کے باعث مغربی ایشیا کے وہ ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں جو دنیا میں ایندھن کے بڑے سپلائر سمجھے جاتے ہیں۔

تاہم ہندوستان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے اور توانائی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

12 مئی کو مرکزی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے کہا تھا کہ عالمی رکاوٹوں اور خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود ہندوستان نے ایندھن کی قیمتوں کو مستحکم رکھا اور توانائی کی سپلائی میں کوئی خلل نہیں آنے دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑھتی مانگ کو پورا کرنے کے لیے گھریلو ایل پی جی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

سی آئی آئی سالانہ بزنس سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے پوری نے کہا کہ مضبوط پالیسی ہم آہنگی اور مؤثر سپلائی مینجمنٹ کے ذریعے ہندوستان نے عالمی توانائی بحرانوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی جھٹکوں اور خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود ملک بھر میں پٹرول۔ ڈیزل اور ایل پی جی کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی گئی اور کہیں بھی قلت کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں شدید اتار چڑھاؤ کے باوجود 2022 سے ایندھن کی قیمتیں بڑی حد تک مستحکم رہی ہیں۔

وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس نے بھی کہا کہ حکومت نے صارفین کو بلا رکاوٹ ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کئی مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ خام تیل کے ذخائر مستحکم ہیں۔ ریفائنریز مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور ملک بھر میں پٹرول۔ ڈیزل اور ایل پی جی کے مناسب ذخائر دستیاب ہیں جبکہ کہیں بھی سپلائی متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔