مرکزی سرکار کا راہل گاندھی کو جواب

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2025
مرکزی سرکار کا راہل گاندھی کو جواب
مرکزی سرکار کا راہل گاندھی کو جواب

 



نئی دہلی: روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ہندوستان آمد سے پہلے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی مودی حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے لوگ غیر ملکی وفود سے ملاقات کریں۔ ان کے الزام پر حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان آنے والے غیر ملکی رہنماؤں پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ کس سے ملنا چاہتے ہیں۔

ان کے منصوبے کے مطابق وزارتِ خارجہ ملاقاتوں کا بندوبست کرتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے کہا گیا، کسی بھی سرکاری دورے کے دوران وزارتِ خارجہ آنے والے معزز مہمانوں کے لیے سرکاری عہدیداروں اور سرکاری اداروں کے ساتھ ملاقاتیں منظم کرتی ہے۔ یہ مکمل طور پر آنے والے وفد پر منحصر ہے کہ وہ حکومت کے دائرے سے باہر ملاقاتیں طے کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ جب کوئی اہم غیر ملکی مہمان ہندوستان آتا ہے یا جب وہ خود بیرونِ ملک جاتے ہیں، تو حکومت کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ان (راہل گاندھی) سے ملاقات نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ روایت رہی ہے کہ ہندوستان آنے والے غیر ملکی مہمان قائدِ حزبِ اختلاف سے ضرور ملاقات کرتے ہیں۔

’حکومت اصولوں کی پابندی نہیں کر رہی‘ انہوں نے کہا، یہ روایت سابق وزرائے اعظم اٹل بہاری واجپئی اور منموہن سنگھ کے زمانے میں بھی تھی۔ لیکن آج کل ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی باہر سے یہاں آتا ہے یا میں باہر جاتا ہوں تو حکومت تجویز دیتی ہے کہ آنے والے مہمان یا جن سے میں بیرونِ ملک ملوں، وہ قائدِ حزبِ اختلاف سے ملاقات نہ کریں۔

راہل گاندھی نے کہا، ہندوستان کی نمائندگی ہم بھی کرتے ہیں، صرف حکومت نہیں کرتی۔ حکومت نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے لوگ بیرونی رہنماؤں سے ملیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا، یہ ایک پرانی روایت ہے، لیکن وزیر اعظم مودی اس کی پیروی نہیں کر رہے۔ وزارتِ خارجہ بھی قواعد کی پابندی نہیں کر رہی۔ یہ اُن کی عدمِ تحفظ کی علامت ہے۔