راجستھان : نیٹ -یو جی کے لیے 611 مراکز قائم کیے گئے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-05-2026
راجستھان : نیٹ -یو جی کے لیے 611 مراکز قائم کیے گئے
راجستھان : نیٹ -یو جی کے لیے 611 مراکز قائم کیے گئے

 



جے پور
نیشنل ایلیجیبلیٹی کم انٹرنس ٹیسٹ-انڈرگریجویٹ (نیٹ-یو جی) کے لیے راجستھان میں 611 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور انتظامیہ نے امتحان کے ہموار انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔امتحان کے دوران مراکز کے 300 میٹر کے دائرے میں فوٹو کاپی، سائبر کیفے اور اس سے متعلقہ دیگر دکانیں بند رہیں گی۔اتر مغربی ریلوے نے بھی امیدواروں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق نیٹ-یو جی 2026 کا انعقاد 3 مئی کو ریاست کے 27 اضلاع کے 611 مراکز پر کیا جائے گا۔ ریاست کے ‘کوچنگ ہب’ کہلانے والے کوٹا اور سیکر کے ساتھ ساتھ دارالحکومت جے پور اور دیگر حساس شہروں میں اضافی نگرانی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امتحان کے دن مراکز کے 300 میٹر کے دائرے میں ای-متر، فوٹو کاپی اور سائبر کیفے جیسی دکانیں بند رکھی جائیں گی۔
متعلقہ شہروں کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانی مراکز پر سایہ، پینے کے پانی اور ابتدائی طبی امداد کا مناسب انتظام کیا جائے۔ اس کے علاوہ قریبی اسپتالوں کو او آر ایس کے پیکٹس اور ایمبولینس تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ امتحان کے دن تمام متعلقہ اضلاع کے افسران کو ٹرانسپورٹ کے مناسب انتظامات کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ریاست میں امتحان کے دن تمام امیدواروں کے لیے روڈویز بسوں میں مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اتر مغربی ریلوے نے نیٹ-یو جی امتحان کے پیش نظر امیدواروں کی سہولت کے لیے جے پور-الور اور چورو-جے پور ان ریزروڈ امتحان خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ایک ترجمان کے مطابق، گاڑی نمبر 09717 چورو-جے پور ان ریزروڈ امتحان خصوصی ٹرین اتوار کو چورو سے صبح 6:10 بجے روانہ ہوگی اور صبح 11 بجے جے پور جنکشن پہنچے گی۔
یہ ٹرین راستے میں بساؤ، رام گڑھ شیکھاواٹی، فتح پور شیکھاواٹی، لکشمن گڑھ سیکر، سیکر جنکشن، پلسانا، رینگس، گووند گڑھ مالک پور، چوموں سامود اور ڈھہر کا بالاجی ریلوے اسٹیشن پر رکے گی۔ اس میں 10 عام درجے کے ڈبے ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ گاڑی نمبر 09719 جے پور-الور ان ریزروڈ امتحان خصوصی ٹرین اتوار کو جے پور جنکشن سے شام 7:10 بجے روانہ ہوگی اور رات 10:55 بجے الور ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔
یہ ٹرین راستے میں گاندھی نگر جے پور، گیٹور جگت پورہ، کھاتی پورہ، بسی، دوسا، بانڈی کوئی، بسوا، راج گڑھ اور مالاکھیڑا اسٹیشنوں پر رکے گی۔