مرکز: بارہویں جماعت کے امتحانات موصولہ تجاویز پرغور کرے گا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-05-2021
فیصلہ ابھی نہیں
فیصلہ ابھی نہیں

 

 

نئی دہلی :مرکز بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے بارے میں مختلف ریاستی سرکاروں کی طرف سے موصولہ تجاویز پر اِس ہفتے غور وخوض کرے گا اور اس سلسلے میں مزید معلومات یکم جون سے پہلے طلبا کو فراہم کردے گا۔

دفاع کے وزیر راجناتھ سنگھ نے آج بارہویں جماعت کے امتحانات اور پیشہ ورانہ کورسیز کیلئے داخلہ امتحانات کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیلئے ایک قومی صلاح ومشورے سے متعلق میٹنگ کی صدارت کی۔ تبادلہ خیال دو معاملوں پر کیا گیا۔

سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور دیگر ریاستی بورڈوں کی طرف سے بارہویں کلاس کیلئے منعقد کرائے جانے والے بورڈ امتحانات اور اعلیٰ تعلیم کے مختلف ادارے اور پیشہ ورانہ کورسیز کیلئے آل انڈیا داخلہ امتحانات۔ میٹنگ کے دوران تعلیم کے وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ پورا ملک، طلبا کی حفاظت اور تعلیمی بہبود کو یقینی بنانے نیز تعلیمی نظام کی کارکردگی کو بلارکاوٹ بنانے کیلئے یک جہت ہے۔جناب پوکھریال نے کہا کہ کووڈ-19 وبا کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کے باوجود حکومت نے تعلیم کو آن لائن طریقے پر کامیابی کے ساتھ لانے کیلئے کوئی کسرباقی نہیں اٹھا رکھی ہے۔

میٹنگ کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر کوئی دیگر تجاویز ہیں تو اِنھیں تعلیم کی وزارت میں 25 مئی تک داخل کردیا جائے۔