نئی دہلی: راؤز ایونیو عدالت نے ہفتہ کے روز منیشا واگھمارے کی ضمانت کی درخواست پر سی بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ منیشا واگھمارے کو نیٹ یو جی 2026 پرچہ لیک معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی 10 روزہ تحویل میں تفتیش کے بعد انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ خصوصی جج (سی بی آئی) اجے گپتا نے سی بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منیشا واگھمارے کی ضمانت کی درخواست پر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔
اس درخواست پر آئندہ سماعت 5 جون کو ہوگی۔ ضمانت کی درخواست وکلاء شریاس گاچھے اور شبھم گاونڈے کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔ منیشا واگھمارے کو نیٹ یو جی پرچہ لیک کیس میں تفتیش کے بعد 9 جون تک عدالتی حراست میں بھیجا گیا ہے۔ سی بی آئی کا الزام ہے کہ منیشا واگھمارے اور پراہلاد کلکرنی لیک شدہ نیٹ یو جی سوالیہ پرچہ حاصل کرنے اور اسے تقسیم کرنے کی سازش میں شامل تھے۔
تحقیقات کے مطابق پرہلاد کلکرنی، منیشا منڈھارے کے ذریعے منیشا واگھمارے کے رابطے میں تھے۔ سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ پرہلاد کلکرنی کیمسٹری کے ریٹائرڈ استاد ہیں اور انہوں نے منیشا واگھمارے کے ذریعے سوالیہ پرچہ مختلف افراد تک پہنچایا۔ منیشا نے یہ پرچہ دھنجے لوکھنڈے (پونے) کو فراہم کیا تھا اور دونوں ایک دوسرے کے رابطے میں تھے۔
سی بی آئی نے عدالت سے کہا تھا کہ وسیع تر سازش کا پتہ لگانے اور پرچہ لیک میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے واگھمارے اور کلکرنی کی تحویل ضروری ہے۔ ایجنسی کے مطابق اس کا مقصد ان مقامات کی نشاندہی کرنا بھی تھا جہاں مخصوص امیدواروں کو امتحان سے قبل سوالات فراہم کیے گئے۔ خصوصی جج اجے گپتا نے 16 مئی کو منیشا واگھمارے اور پرہلاد کلکرنی کو 10 دن کے لیے سی بی آئی کی تحویل میں دینے کی اجازت دی تھی۔
سی بی آئی کے مطابق پرہلاد کلکرنی نے منیشا واگھمارے کے ذریعے نیٹ یو جی کا سوالیہ پرچہ فراہم کیا۔ دوسری جانب منیشا واگھمارے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی تحویل غیر قانونی تھی اور پونے پولیس نے سی بی آئی کی ہدایت پر انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ منیشا کی گرفتاری صرف دھنجے لوکھنڈے کے انکشافی بیان کی بنیاد پر کی گئی ہے اور ان کے خلاف کوئی دوسرا ثبوت موجود نہیں۔
سی بی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پرہلاد کلکرنی نے منیشا واگھمارے کے ذریعے سوالیہ پرچہ مختلف افراد تک پہنچایا۔ تحقیقات کے مطابق ملزم دھنجے لوکھنڈے، جو ملزم شبھم مدھوکر کھیرنار کا جاننے والا تھا، نے نیٹ 2026 کے امتحانی مواد کو پونے کی رہائشی منیشا واگھمارے سے حاصل کیا اور بعد میں اسے شبھم کھیرنار تک پہنچا دیا۔
سی بی آئی نے مزید بتایا کہ لیک شدہ پرچے کی گردش کے سلسلے میں دھنجے لوکھنڈے اور اس کے رشتہ دار و شریک ملزم شبھم کھیرنار کے درمیان تقریباً 6 لاکھ روپے کی بینک ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں۔ اس سلسلے میں بینک اسٹیٹمنٹس، الیکٹرانک شواہد اور دیگر قابلِ اعتراض مواد بھی ضبط کیا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق شبھم کھیرنار نے سوالیہ پرچہ دھنجے لوکھنڈے سے حاصل کیا تھا، جس نے یہ پرچہ منیشا واگھمارے سے لیا تھا۔
الزام ہے کہ شبھم کھیرنار نے مالی فائدے کے لیے یہ لیک شدہ پرچہ حاصل کیا اور بعد میں یش یادو کو اس کی تقسیم میں مدد فراہم کی۔ اسی سلسلے میں 29 اپریل کو یش یادو کو ٹیلیگرام کے ذریعے نیٹ 2026 کے سوالیہ پرچوں کی پی ڈی ایف فائلیں موصول ہوئیں، جن میں فزکس، کیمسٹری اور بایولوجی کے سوالات شامل تھے۔ یہ فائلیں بعد میں برآمد کر لی گئیں۔ تحقیقات کے مطابق شبھم نے 4 اپریل کو دھنجے لوکھنڈے سے یہ پرچہ حاصل کیا تھا، جس نے مبینہ طور پر اسے اپنے این ٹی اے ذرائع سے حاصل کیا تھا۔ شبھم نے لیک شدہ پرچہ خریدنے اور فروخت کرنے کے لیے دھنجے سے معاہدہ کیا، جبکہ یش یادو کے ساتھ 15 لاکھ روپے کا سودا طے کیا گیا۔
سی بی آئی نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ یش یادو کے موبائل فون سے شبھم کے ساتھ ہونے والی واٹس ایپ چیٹس برآمد کی گئی ہیں۔ اگرچہ شبھم نے مبینہ طور پر ثبوت مٹانے کی کوشش کی، تاہم اس کا موبائل فون فرانزک جانچ کے لیے ضبط کر لیا گیا۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ شبھم کھیرنار نے یش یادو کو لیک شدہ نیٹ یو جی 2026 پرچہ تقسیم کرنے میں سہولت فراہم کی تھی اور یش یادو نے بعد میں مانگی لال کھٹیک کے ساتھ 10 لاکھ روپے میں یہ پرچہ فروخت کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔