نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو نے رشوت کے دو الگ الگ معاملات میں چار سرکاری اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں ایم سی ڈی کے شاہدرہ نارتھ زون کا ایک جونیئر انجینئر اور ایک بیلدار کے ساتھ آثار قدیمہ کے سروے آف ہند کے جنتَر منتر سب سرکل کے ایک کنزرویشن اسسٹنٹ اور ایک مونومنٹ اٹینڈنٹ شامل ہیں۔
پہلے معاملے میں سی بی آئی نے 31 مارچ کو ایم سی ڈی کے بیلدار کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ الزام ہے کہ اس نے شکایت کنندہ سے اس کے مرمت شدہ مکان کو نہ گرانے کے بدلے 80000 روپے رشوت طلب کی۔
سی بی آئی نے یکم اپریل کو جال بچھایا اور ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اس نے اپنے لئے 5000 روپے اور جونیئر انجینئر کے لئے 70000 روپے کا مطالبہ کیا تھا اور 5000 روپے رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس کارروائی کے دوران جونیئر انجینئر کا کردار بھی سامنے آیا جس کے بعد اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔
دوسرے معاملے میں سی بی آئی نے آثار قدیمہ کے سروے آف ہند کے جنتَر منتر سب سرکل کے کنزرویشن اسسٹنٹ اور مونومنٹ اٹینڈنٹ کو رشوت کے کیس میں گرفتار کیا۔ اس سلسلے میں 30 مارچ کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سی بی آئی کے مطابق ملزمان نے شکایت کنندہ سے ایک نوٹس واپس لینے اور کام جاری رکھنے کی اجازت دینے کے بدلے 350000 روپے رشوت طلب کی۔ بعد میں بات چیت کے بعد یہ رقم 310000 روپے طے پائی اور شکایت کنندہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ 100000 روپے بطور پہلی قسط ادا کرے۔
یکم اپریل کو سی بی آئی نے جال بچھا کر مونومنٹ اٹینڈنٹ کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ 100000 روپے رشوت وصول کر رہا تھا۔
اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔