نئی دہلی
اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز پنجاب کے وزیر سنجیو اروڑا کی رہائش گاہ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چھاپہ مار کارروائی کے بعد بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) جیسی ایجنسیاں اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنانے اور انہیں بی جے پی میں شامل ہونے پر مجبور کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔
کیجریوال نے الزام لگایا کہ آج صبح سے پنجاب کے وزیر سنجیو اروڑا کے گھر پر ای ڈی کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ روکنے کے بجائے دوسری پارٹیوں کو توڑنے، سیاسی رہنماؤں کو دھمکانے اور انہیں بی جے پی میں شامل کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا، ’’ای ڈی کی یہ کارروائی بھی اسی سمت میں ایک قدم ہے۔کیجریوال کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہفتہ کو پنجاب کے وزیر سنجیو اروڑا سے منسلک مختلف مقامات پر مبینہ 100 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں چھاپے مارے۔
یہ تلاشی کارروائیاں 2002 کے انسدادِ منی لانڈرنگ قانون کے تحت دہلی، گروگرام اور چندی گڑھ میں پانچ مختلف مقامات پر کی جا رہی ہیں۔اس سے قبل دن میں کیجریوال نے الزام لگایا تھا کہ پنجابیوں کو مختلف مرکزی کارروائیوں کے ذریعے ’’ہراساں‘‘ کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت ای ڈی کی کارروائیوں کے ذریعے ریاستی رہنماؤں کو سیاسی دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہے، نہ کہ کسی غلط کام کو بے نقاب کرنے کے لیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کیجریوال نے لکھا کہ جیسے ہی بنگال کے انتخابات ختم ہوئے، مودی جی نے پنجاب میں روزانہ ای ڈی کے چھاپے شروع کر دیے۔ گزشتہ چند برسوں میں مودی جی نے پنجاب کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ پنجابیوں کو ہر ممکن طریقے سے ہراساں کیا گیا۔ پنجاب کے پانی پر حملے کیے گئے، پنجاب یونیورسٹی پر قبضے کی کوشش ہوئی، دیہی ترقی کے فنڈز روکے گئے اور اب مسلسل ای ڈی کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشوک متل کے یہاں چھاپہ مارا گیا اور اگلے ہی دن انہیں بی جے پی میں شامل کر لیا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ای ڈی کے چھاپے کا مقصد چوری کا پیسہ تلاش کرنا نہیں تھا، بلکہ صرف اشوک متل کو توڑ کر بی جے پی میں شامل کرنا تھا۔ چند روز قبل سنجیو اروڑا کے یہاں بھی چھاپہ مارا گیا تھا۔ جب وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہوئے تو دوبارہ ان کے مقامات پر چھاپہ مارا گیا۔