نئی دہلی
سی بی آئی نے نیٹ یو جی 2026 پرچہ لیک معاملے میں لاتور کے ایک ڈاکٹر اور پونے کے ایک کوچنگ ادارے کے فزکس کے استاد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے بدھ کے روز یہ معلومات دی۔
ایجنسی نے منوج شیروڑے کو گرفتار کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے رینوکائی کیریئر سینٹر (آر سی سی) کے بانی شیوراج موٹیگاونکر کے بیٹے سمیت تین طلبہ کو نیٹ کے پرچہ ساز پی وی کلکرنی سے کیمسٹری کے سوالات حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
لاتور میں آر سی سی چلانے والے شیوراج موٹیگاونکر کو بھی حال ہی میں اسی معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔سی بی آئی نے پونے میں قائم ڈاکٹر ابھنگ پربھو میڈیکل اکیڈمی (اے پی ایم اے) کے فزکس کے استاد تیجس ہرشاد کمار شاہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔
حکام کے مطابق تیجس شاہ نے مبینہ طور پر نیٹ یو جی 2026 کے فزکس کے لیک شدہ سوالات پہلے سے گرفتار ملزمہ منیشا حوالدار سے حاصل کیے تھے۔ان نئی گرفتاریوں کے بعد پرچہ لیک معاملے میں گرفتار افراد کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
سی بی آئی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس معاملے میں پوری سازش اور اس سے جڑے افراد کے نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ سی بی آئی اب تک 49 مقامات پر چھاپے مار چکی ہے اور متعدد اہم دستاویزات، لیپ ٹاپ اور موبائل فون ضبط کیے جا چکے ہیں۔واضح رہے کہ 12 مئی کو نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے میڈیکل داخلوں کے لیے 3 مئی کو منعقد ہونے والا نیشنل ایلیجبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (انڈر گریجویٹ) - نیٹ پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا تھا۔
این ٹی اے نے اس امتحان کے دوبارہ انعقاد کی تاریخ 21 جون مقرر کی ہے۔