نئی دہلی
کیش معاملے میں پھنسے جسٹس یشونت ورما نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ دروپدی مرمو کو بھیج دیا ہے۔ ان کے گھر سے مبینہ طور پر بڑی مقدار میں نقدی ملنے کے بعد انہیں دہلی ہائی کورٹ سے الہ آباد ہائی کورٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔5 اپریل 2025 کو جسٹس یشونت ورما نے حلف لیا تھا اور اس وقت ان کے خلاف اندرونی جانچ جاری تھی۔ اطلاعات کے مطابق، پارلیمانی کمیٹی کی جانچ جو جلد مکمل ہونے والی تھی، اس میں ان کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔
جسٹس ورما نے صدر کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ وہ ان وجوہات کی گہرائی میں نہیں جانا چاہتے جنہوں نے انہیں یہ خط لکھنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ میں الہ آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے فوری طور پر استعفیٰ دے رہا ہوں۔ اس منصب پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات رہی ہے۔جسٹس ورما نے 8 اگست 1992 کو الہ آباد ہائی کورٹ میں وکالت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
جسٹس ورما کے گھر کیا ہوا تھا؟
۔14 مارچ 2025 کو ان کے گھر میں آگ لگ گئی تھی، اور اسی دوران فائر بریگیڈ کے عملے کو بڑی مقدار میں نقدی ملی۔ تاہم، اس وقت جسٹس ورما اور ان کی اہلیہ دہلی میں موجود نہیں تھے بلکہ مدھیہ پردیش گئے ہوئے تھے۔ آگ لگنے کے وقت گھر میں صرف ان کی بیٹی اور والدہ موجود تھیں۔ جلے ہوئے کیش کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔
جج کے خلاف بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے۔ تاہم، جسٹس ورما نے ان الزامات سے انکار کیا۔ اس کے باوجود انہیں دہلی ہائی کورٹ سے ان کے اصل عدالت یعنی الہ آباد ہائی کورٹ منتقل کر دیا گیا اور مزید کارروائی تک ان سے عدالتی کام واپس لے لیا گیا۔
اس وقت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے ان الزامات کی اندرونی جانچ شروع کی اور 22 مارچ کو اس کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔