نئی دہلی: دہلی حکومت نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکامز) کا کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) سے آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس پس منظر میں کیا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران 38,500 کروڑ روپے کے ریگولیٹری اثاثے (Regulatory Assets) جمع ہو چکے ہیں، جن کی وصولی بجلی صارفین سے کی جانی ہے۔
دہلی حکومت کے محکمۂ توانائی کی جانب سے بدھ کو جاری حکم نامے کے مطابق سی اے جی اس بات کا سخت اور جامع آڈٹ کرے گا کہ آخر کن حالات میں بی آر پی ایل (BRPL)، بی وائی پی ایل (BYPL) اور ٹی پی ڈی ڈی ایل (TPDDL) نے ریگولیٹری اثاثوں کی وصولی کے بغیر اپنا نظام جاری رکھا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آڈٹ کی رپورٹ ترجیحی بنیاد پر تین ماہ کے اندر مکمل کی جائے، تاہم آڈٹ کے دائرۂ کار اور پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سی اے جی ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع کر سکتا ہے۔
دہلی کے وزیرِ توانائی آشیش سود نے جمعرات کو کہا کہ بجلی کمپنیوں کے سی اے جی آڈٹ کا باضابطہ حکم دہلی کے بجلی کے شعبے میں شفافیت، جوابدہی اور انتظامی اصلاحات کی سمت ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہلی کے ہر بجلی صارف اور ہر ایماندار ٹیکس دہندہ کی فتح ہے۔ واضح رہے کہ تینوں بجلی کمپنیوں پر واجب الادا 38,500 کروڑ روپے کی رقم صارفین کے بجلی بلوں میں شامل ریگولیٹری اثاثہ سرچارج کے ذریعے وصول کی جانی ہے۔
آشیش سود نے کہا، "دہلی کے عوام کو یہ جاننے کا پورا حق ہے کہ تقریباً 38,500 کروڑ روپے کے ریگولیٹری اثاثے مسلسل کیوں بڑھتے رہے اور اس سے کس کو فائدہ پہنچا، جبکہ اس کا بوجھ عوام پر ڈالا جاتا رہا۔ سی اے جی کا یہ آڈٹ تمام حقائق سامنے لے آئے گا۔" انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہلی کا کوئی بھی ایماندار ٹیکس دہندہ کسی کے ذاتی مفادات، خصوصی رعایتوں یا غلط فیصلوں کی قیمت ادا کرنے پر مجبور نہیں ہوگا، اور عوام کے ہر روپے کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔