ضمنی انتخابات کا بڑا سیاسی جھٹکا۔ نوجوانوں کی ناراضی بی جے پی پر بھاری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
ضمنی انتخابات کا بڑا سیاسی جھٹکا۔ نوجوانوں کی ناراضی بی جے پی پر بھاری
ضمنی انتخابات کا بڑا سیاسی جھٹکا۔ نوجوانوں کی ناراضی بی جے پی پر بھاری

 



 دتیا۔ بانکی پور۔ منجل پور۔ 3 اگست: بہار۔ مدھیہ پردیش اور گجرات کی تین اہم اسمبلی نشستوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو ملے جلے نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔ سب سے بڑا سیاسی دھچکا بہار کی راجدھانی پٹنہ کی بانکی پور اسمبلی نشست پر لگا جہاں جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے بی جے پی کے تین دہائیوں پر محیط سیاسی غلبے کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی پہلی انتخابی کامیابی درج کی۔ دوسری جانب مدھیہ پردیش کے دتیا میں کانگریس نے اپنی نشست برقرار رکھی جبکہ گجرات کے منجل پور میں بی جے پی نے اگرچہ کامیابی حاصل کی لیکن اس کی جیت کا فرق 2022 کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہو گیا۔

بانکی پور اسمبلی نشست 1995 سے بی جے پی کا مضبوط گڑھ سمجھی جاتی رہی ہے۔ یہ نشست اس وقت خالی ہوئی تھی جب بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ اس ضمنی انتخاب میں پرشانت کشور نے 19,324 ووٹوں کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کر کے سیاسی حلقوں کو حیران کر دیا۔

یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں امتحانی پرچوں کے افشا ہونے۔ بے روزگاری اور نوجوانوں کے احتجاج جیسے مسائل پر عوامی ناراضی بڑھتی ہوئی دیکھی جا رہی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان نتائج نے خاص طور پر ہندی بولنے والی ریاستوں میں بدلتے ہوئے سیاسی رجحانات کی نشاندہی کی ہے۔

پرشانت کشور کی پہلی انتخابی فتح

انتخابی حکمت عملی کے ماہر سے سیاست دان بننے والے پرشانت کشور نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ کسی محفوظ نشست سے انتخاب نہیں لڑنا چاہتے بلکہ بانکی پور کا انتخاب اس لیے کیا ہے تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ بہار کی سیاست کو ذات پات اور مذہب سے آگے بڑھنا ہوگا۔

یہ جن سوراج پارٹی کے قیام کے بعد ان کی پہلی انتخابی کامیابی ہے۔ اس سے قبل 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات میں پارٹی ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بانکی پور ضمنی انتخاب میں 34.24 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔

نتائج کے بعد پرشانت کشور نے کہا کہ بانکی پور کے عوام نے انہیں اس امید اور اعتماد کے ساتھ کامیاب بنایا ہے کہ وہ ان کے حقوق کی بھرپور آواز بلند کریں گے اور ہر ممکن کوشش کریں گے کہ عوام کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست صرف بانکی پور تک محدود نہیں بلکہ پورے بہار کی ترقی ان کا مقصد ہے۔ ان کے مطابق عوام اچھی تعلیم۔ روزگار۔ ترقی اور ہجرت کے خاتمے کی خواہش رکھتے ہیں۔

پرشانت کشور نے مزید کہا کہ بانکی پور کے عوام نے صرف ایک رکن اسمبلی منتخب نہیں کیا بلکہ بی جے پی کی مرکزی قیادت کو بھی یہ پیغام دیا ہے کہ بہار کو بہتر قیادت کی ضرورت ہے اور ریاست میں موجودہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی جگہ کسی زیادہ موزوں شخصیت کو ذمہ داری سونپی جائے۔

اپوزیشن کا بی جے پی پر حملہ

بانکی پور میں بی جے پی کی شکست کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے حکمراں جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی اپنے قومی صدر کی نشست بھی نہیں بچا سکی۔ انہوں نے پرشانت کشور کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے تھے کہ وہ خدا کو بھی اپنے اشاروں پر نچا سکتے ہیں آخرکار خود اسی کی مرضی کے مطابق ناچنے پر مجبور ہو گئے۔

دتیا میں کانگریس کی برتری برقرار

مدھیہ پردیش کی دتیا اسمبلی نشست پر کانگریس نے اپنی کامیابی برقرار رکھتے ہوئے بی جے پی کے امیدوار آشوتوش تیواری کو 6,016 ووٹوں سے شکست دی۔

کانگریس کے گھنشیام سنگھ نے 66,757 ووٹ حاصل کیے جبکہ بی جے پی امیدوار کو 60,741 ووٹ ملے۔

یہ ضمنی انتخاب کانگریس کے سابق رکن اسمبلی راجندر بھارتی کی نااہلی کے بعد کرایا گیا تھا۔ انہیں دہلی کی ایک عدالت نے بینک فراڈ اور دھوکہ دہی کے مقدمے میں سزا سنائی تھی۔

نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری نے ووٹروں اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ عوام کے فیصلے کو پوری عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی عوام کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پارٹی نشست ہار گئی لیکن اس حلقے میں بی جے پی کے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔

منجل پور میں بی جے پی کی جیت مگر فرق کم

گجرات کی منجل پور اسمبلی نشست پر بی جے پی کے ستیش پٹیل نے کانگریس کے بھیکھا بھائی رباری کو 30,630 ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

ستیش پٹیل کو 55,481 ووٹ ملے جبکہ کانگریس امیدوار 24,851 ووٹ حاصل کر سکے۔

اگرچہ بی جے پی نے نشست برقرار رکھی لیکن 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اسے یہاں ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی ملی تھی۔ اس لحاظ سے اس مرتبہ جیت کا فرق نمایاں طور پر کم ہو گیا۔یہ نشست بی جے پی کے رکن اسمبلی یوگیش بھائی نرنداس پٹیل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ وہ مسلسل تین مرتبہ اس حلقے کی نمائندگی کر چکے تھے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ان تینوں ضمنی انتخابات کے نتائج مستقبل کی ریاستی سیاست کے لیے اہم اشارے سمجھے جا رہے ہیں۔ خاص طور پر بانکی پور کا نتیجہ بہار کی سیاست میں نئی صف بندیوں اور بدلتے عوامی مزاج کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔