وشاکھاپٹنم (آندھرا پردیش)، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی ہند میں بلٹ ٹرین کا آغاز جلد ہونے والا ہے، جو حیدرآباد، چنئی، امراؤتی اور بنگلورو کو آپس میں جوڑے گی۔یہ اعلان وزیر اعلیٰ نائیڈو نے وشاکھاپٹنم میں منعقدہ انڈیا فوڈ مینوفیکچرنگ سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے سروے جاری ہے۔انہوں نے کہا بہت جلد جنوبی ہند میں بلٹ ٹرین آنے والی ہے۔ ایک سروے جاری ہے، جو حیدرآباد، چنئی، امراؤتی اور بنگلورو جیسے چار بڑے شہروں کو جوڑے گا۔ یہاں 5 کروڑ سے زیادہ لوگ بستے ہیں، جو دنیا کا سب سے بڑا مارکیٹ کلسٹر بناتے ہیں۔ جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا، تو دنیا کے سب سے بڑے اسٹریٹجک مفادات میں سے ایک ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا:"وشاکھاپٹنم میں انڈیا فوڈ مینوفیکچرنگ سمٹ 2025 سے خطاب کیا۔ آندھرا پردیش اپنی صنعت دوست پالیسیوں، صنعت کے فروغ پاتے کلسٹرز، اور مضبوط انفراسٹرکچر کے ساتھ بھارت کے فوڈ پروسیسنگ انقلاب کو ایندھن فراہم کرنے پر فخر کرتا ہے۔ 9 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی نئی سرمایہ کاری اور قومی پیداوار میں 9 فیصد حصہ داری کے ساتھ، ہم عالمی سرمایہ کاروں اور موجدوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آندھرا پردیش کو بھارت کا فوڈ پروسیسنگ مرکز بنانے میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔"
ممبئی-احمدآباد بلٹ ٹرین منصوبے میں تیزی
دوسری جانب ریلوے وزارت نے اطلاع دی ہے کہ ممبئی-احمدآباد بلٹ ٹرین کوریڈور کے اسٹیشنز تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔وزارت نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گجرات میں ممبئی-احمدآباد بلٹ ٹرین کوریڈور کے اسٹیشنز تکمیل کے قریب ہیں۔ ان اسٹیشنز کی جدید ڈیزائن، ثقافتی شناخت، ہموار رابطہ اور ماحول دوست خصوصیات مسافروں کے آرام کی نئی مثالیں قائم کریں گی۔واضح رہے کہ 6 اگستکو ریلوے نے بتایا تھا کہ گجرات کے وڈودرا ضلع میں وشوامتری ندی پر بلٹ ٹرین کے لیے پل مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ ریاست میں بننے والے 21 دریائی پلوں میں سے 17واںپل ہے جو مکمل کیا گیا ہے۔