ممبئی
مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکزی بجٹ 2026-27 نے 2047 تک وکست ہندوستان کے ہدف کے حصول کے لیے مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے بجٹ کو معاشی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور ہمہ گیر ترقی پر مبنی ایک جامع خاکہ قرار دیا۔
ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ یہ بجٹ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سیوا تیرتھ کے افتتاح کے موقع پر دیے گئے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا كہ وزیرِ اعظم نے سب سے غلامانہ ذہنیت سے آزادی اور قوم کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی کی اپیل کی۔ وزیرِ خزانہ نرملہ سیتارمن کی جانب سے پیش کیا گیا 2026 کا بجٹ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کو نئی پرواز دینے کی علامت ہے۔ گوئل نے وزیرِ اعظم کے منتر ’ناگرک دیوو بھَو‘ (شہری ہی خدا ہے) کو بھی دہرایا۔
انہوں نے کہا كہ 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے ہم سب کا اجتماعی عزم ایک بار پھر اس بجٹ میں نمایاں ہے۔” وزیرِ اعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا كہ فرض مساوات ہے، فرض محبت ہے، فرض عالمگیر ہے اور فرض ہمہ گیر ہے۔ اگر ہم بجٹ کا جائزہ لیں تو مستقبل کے لیے ہندوستان کو تیار کرنے والے تین مضبوط فرائض واضح طور پر نظر آتے ہیں۔
گوئل کے مطابق بجٹ کا پہلا بڑا ستون خود کفالت پر مبنی معاشی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا كہ ملک کو مضبوط اور آتم نربھر کیسے بنایا جائے، یہی اس بجٹ کا مرکزی نکتہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ بنیادی ڈھانچے کو نمایاں فروغ دیا گیا ہے، جس کے لیے 12.21 لاکھ کروڑ روپے خصوصی طور پر مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا كہ اس سے ہندوستان خود کفیل بنے گا اور لاجسٹکس کے اخراجات کم ہوں گے۔ بنیادی ڈھانچے پر خرچ کیا گیا ہر ایک روپیہ معیشت کو 3 سے 3.5 گنا تقویت دیتا ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ توجہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں تک پھیلی ہوئی ہے، تاکہ متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
گوئل کے مطابق دوسرا ستون 140 کروڑ شہریوں کی امنگوں کو پورا کرنا ہے، خاص طور پر مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز)، مینوفیکچرنگ اور اسٹارٹ اپس کو مضبوط بنا کر۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایس ایم ایز کے لیے 10 ہزار کروڑ روپے کا گروتھ فنڈ دیا گیا ہے اور کریڈٹ گارنٹی اسکیم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا كہ ہمارے اسٹارٹ اپس ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ ملازمتیں پیدا کرنے والے بن رہے ہیں۔ وہ اپنی زندگی کے معمار خود بن رہے ہیں اور قومی مسائل کے حل تلاش کر رہے ہیں۔ گوئل نے یہ بھی کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے، تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری آئے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
انہوں نے کہا كہ جب یہ ڈیٹا سینٹرز بیرونِ ملک کلاؤڈ خدمات فراہم کریں گے تو خدمات کی برآمد کے ذریعے زرِ مبادلہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مراکز کو قابلِ تجدید توانائی سے چلایا جائے گا، جس سے گرین سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ممبئی اور نوی ممبئی سب میرین کیبلز کی لینڈنگ کے باعث ڈیٹا سینٹرز کے اہم مراکز کے طور پر ابھر رہے ہیں، جس سے مہاراشٹر کو خاصا فائدہ ہوگا۔ بجٹ کے تحت ریاست کے لیے مختص رقم بڑھ کر تقریباً 1 لاکھ کروڑ روپے ہو گئی ہے، جبکہ ریلوے اور بندرگاہوں سے منسلک بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جائے گی، جن میں تین نئے کیمیکل پارکس اور ٹیکسٹائل پارکس شامل ہیں۔
گوئل کے مطابق بجٹ کا تیسرا ستون ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے نظریے سے رہنمائی لیتا ہے۔ انہوں نے کہا كہ یہ ملک کے ہر کونے کے ہر شہری کے لیے ہے—چاہے وہ غریب ہو، متوسط طبقے سے ہو، دیہات میں رہتا ہو یا شہروں میں، یا پسماندہ اور قبائلی برادریوں سے تعلق رکھتا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ محنت طلب شعبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہو۔
بجٹ کو ہمہ جہتی اثرات کا حامل قرار دیتے ہوئے گوئل نے کہا کہ یہ وزیرِ اعظم کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ ایک ہی اسکیم سے کثیر جہتی فوائد حاصل ہوں۔جس سے 2047 تک ہندوستان کے ایک ترقی یافتہ ملک بننے کا سفر تیز ہوگا۔