بجٹ اجلاس 2026 دونوں ایوان صدر کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بحث جاری رکھیں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-02-2026
بجٹ اجلاس 2026 دونوں ایوان صدر کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بحث جاری رکھیں گے
بجٹ اجلاس 2026 دونوں ایوان صدر کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بحث جاری رکھیں گے

 



 نئی دہلی : پارلیمنٹ کے دونوں ایوان منگل کو بجٹ اجلاس کے دوران صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث جاری رکھیں گے۔

لوک سبھا میں یہ تحریک سربانند سونووال نے پیش کی اور تیجسوی سوریہ نے اس کی تائید کی۔ پیر کو ایوان میں این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے اراکین کے درمیان اس وقت سخت گرما گرمی ہوئی جب قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے خطاب کے دوران چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی پر سابق آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے کی غیر شائع شدہ یادداشت کا حوالہ دیا۔ بی جے پی اراکین نے راہل گاندھی کے ریمارکس پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ انہوں نے ایوان کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔

راجیہ سبھا میں بی جے پی رکن سدانند ماسٹر نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور پیر کو جذباتی خطاب کرتے ہوئے اپنے مصنوعی ہاتھ پیر بنچ پر رکھے۔

یہ تحریک صدر دروپدی مرمو کے اس خطاب کے جواب میں لائی گئی ہے جو انہوں نے 28 جنوری کو بجٹ اجلاس کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کیا تھا۔

ادھر لوک سبھا میں آج کی کارروائی کا آغاز کانگریس رہنما سوروپ سنگھ ہریا نائک کے لیے تعزیتی کلمات سے ہوگا جن کا انتقال دسمبر 2025 میں ہوا تھا۔

مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو اور رکن پارلیمنٹ کوڈی کننل سریش وہ تحریک پیش کریں گے جس میں کہا جائے گا کہ یہ ایوان 2 فروری کو پیش کی گئی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی چودہویں رپورٹ سے اتفاق کرتا ہے۔

اراکین پارلیمنٹ کمیٹی آن اسٹی میٹس کمیٹی آن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آن پبلک انڈرٹیکنگ اور درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی فلاح سے متعلق کمیٹی کے لیے انتخاب کی تحریکیں بھی پیش کریں گے۔

لوک سبھا میں پیر کو بار بار خلل پڑا اور بعد میں راہل گاندھی کے چین کے ساتھ 2020 کی سرحدی کشیدگی سے متعلق ایک مخصوص معاملے پر بولنے کے اصرار کے سبب کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ ایوان میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث شروع ہوئی تھی اور پھر اسے تین بجے چار بجے اور بعد میں پورے دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

اسپیکر اوم برلا نے حکم دیا کہ راہل گاندھی غیر شائع شدہ کتاب اور مضمون کا حوالہ نہ دیں۔ جب ایوان تین بجے دوبارہ بیٹھا تو اسپیکر نے قائد حزب اختلاف سے کہا کہ وہ اپنی تقریر بغیر اس حوالہ کے جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان قواعد کے مطابق چلتا ہے۔