بی ایس ایف افسر محمد امتیاز کی شہادت: چھپرا میں غم اور فخر کی فضا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2025
بی ایس ایف افسر محمد امتیاز کی شہادت:  چھپرا میں غم اور فخر کی فضا
بی ایس ایف افسر محمد امتیاز کی شہادت: چھپرا میں غم اور فخر کی فضا

 



راجیو کمار سنگھ، چھپرا (بہار)

پیر کے روز بہار کے شہر چھپرا پر غم کے بادل چھا گئے جب بی ایس ایف کے سب انسپکٹر محمد امتیاز کی شہادت کی خبر پر ہندو، مسلمان، رشتہ دار، اہلِ خانہ اور اجنبی آنکھوں میں آنسو لیے اُنہیں الوداع کہنے جمع ہوئے۔ محمد امتیاز نے جموں و کشمیر میں پاکستان کے ساتھ سرحد پر ملک کا دفاع کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

محمد امتیاز، جو چھپرا ضلع کے گڑکھا بلاک کے نارائن پور گاؤں کے رہائشی تھے، 10 مئی کو پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر جھڑپ میں شہید ہوئے۔ وہ جموں کے رنبیر سنگھ پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات تھے۔ بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اہلکار کے مطابق، سب انسپکٹر محمد امتیاز نے بہادری سے محاذ پر قیادت کی اور اپنی جان قربان کر دی۔

ان کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ گڑکھا بلاک کے نارائن پور گاؤں کے قبرستان میں کی گئی، جہاں "بھارت ماتا کی جے" کے نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی۔ لوگوں نے اُن کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی بارش کی۔

محمد امتیاز اپنے پیچھے اہلیہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑ گئے ہیں۔

بی ایس ایف نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پوسٹ میں کہا کہ محمد امتیاز نے محاذ پر قیادت کی۔

جیسے ہی محمد امتیاز کی شہادت کی خبر اُن کے گاؤں پہنچی، ابتدا میں گاؤں اور پھر پورا ضلع سوگوار ہو گیا۔ ان کے گھر کے باہر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا؛ لوگ خاندان سے ہمدردی اور بہادر سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آئے۔

جب ترنگے میں لپٹا اُن کا تابوت اتوار کی شام آخری رسومات کے لیے گاؤں پہنچا، تو اُن کے اہلِ خانہ صدمے میں تھے لیکن اُنہیں اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر بھی تھا۔

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خاندان سے ملاقات کی، اُن سے بات چیت کی اور 50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ بعد میں حکام نے بتایا کہ 21 لاکھ روپے ریاستی حکومت جبکہ 29 لاکھ روپے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے دیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کچھ وقت اہلِ خانہ کے ساتھ رہے — بیوہ شہناز عظیم، بیٹیاں بنظیر خاتون اور فریدہ خاتون، اور بیٹے عمران رضا اور امداد رضا۔اس دوران خاندان نے مطالبہ کیا کہ شہید سپوت کے نام پر کوئی سرکاری سہولت جیسے صحت مرکز یا سڑک کا نام رکھا جائے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اُن کے نام پر ایک یادگار تعمیر کی جائے اور بڑے بیٹے کو سرکاری ملازمت دی جائے۔وزیر اعلیٰ نے ساتھ موجود افسران کو ہدایت دی کہ ان مطالبات کو نوٹ کر کے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ایکس پر لکھا: "بی ایس ایف کے بہادر سب انسپکٹر محمد امتیاز صاحب، جو جموں کی بین الاقوامی سرحد پر ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے، کو سلام، کروڑوں سلام۔ ملک ان کی بہادری، شجاعت، قربانی اور حب الوطنی کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔"

سوشل میڈیا ایکس پر "جموں فائٹر" نے لکھا: "جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں 10 مئی 2025 کو سرحد پار فائرنگ کے دوران ملک کی خدمت میں شہید ہونے والے بہادر بی ایس ایف سب انسپکٹر محمد امتیاز کی عظیم قربانی کو سلام۔"

شہید محمد امتیاز کے بیٹے عمران رضا نے کہا
"ہمارے والد نے قربانی دی ہے، ہمیں ان پر اور اُن تمام فوجیوں پر فخر ہے جنہوں نے اس ملک کے لیے اپنی جان دی۔ میں سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کو سخت سزا ملے۔"

بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل اور تمام رینک کے افسران نے محمد امتیاز کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

پوری قوم اس غم کی گھڑی میں اُن کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ گاؤں میں اگرچہ سوگ ہے، لیکن ساتھ ہی یہ فخر بھی ہے کہ اُن کا بیٹا ملک کے لیے شہید ہوا۔

شہید امتیاز کے بھائی محمد مصطفیٰ بھی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس وقت میگھالیہ میں تعینات ہیں۔شہید کے بیٹے محمد عمران رضا پٹنہ پی ایم سی ایچ میں کام کرتے ہیں جبکہ چھوٹے بیٹے امداد رضا دہلی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یو پی ایس سی کی تیاری کر رہے ہیں۔امداد پُرعزم ہیں کہ وہ یو پی ایس سی میں کامیاب ہو کر اپنے شہید والد کے خواب کو پورا کریں گے۔