نئی دہلی: دہلی ٹریفک پولیس نے برکس سربراہی اجلاس 2026 سے قبل منگل کو موٹر کارکیڈ کی ریہرسل کے پیش نظر تفصیلی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس کے تحت 22 مقامات پر ٹریفک کا رخ تبدیل کیا جائے گا، جبکہ قومی دارالحکومت کی 35 سے زائد سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت کو منظم کیا جائے گا۔ موٹر کارکیڈ کی ریہرسل منگل کی شام 7 بج کر 45 منٹ سے رات 10 بجے تک ہوگی۔
اس دوران بھارت منڈپم، پراگتی میدان اور اس کے اطراف سمیت ان اہم راستوں پر ٹریفک پابندیاں عائد رہیں گی جو برکس سربراہی اجلاس کے مقام کی جانب جاتے ہیں۔ برکس سربراہی اجلاس 11 سے 13 ستمبر تک منعقد ہوگا۔ دہلی ٹریفک پولیس نے ایکس پر کہا، ’’8 ستمبر 2026 کو شام 7:45 بجے سے رات 10 بجے تک موٹر کارکیڈ کی ریہرسل کے پیش نظر دہلی کے اہم راستوں پر ٹریفک کا رخ تبدیل کرنے اور آمدورفت کو منظم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔‘
‘ پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفر کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں، اضافی وقت لے کر چلیں اور ایڈوائزری کے دوران بالخصوص میٹرو سمیت عوامی نقل و حمل کا استعمال کریں۔ ہنگامی اور ضروری خدمات کی گاڑیوں کو ترجیحی راستہ فراہم کیا جائے گا۔ ایڈوائزری کے مطابق متاثرہ سڑکوں میں سردار پٹیل مارگ، مدر ٹریسا کریسنٹ، تین مورتی مارگ، اکبر روڈ، تیس جنوری مارگ، راجیش پائلٹ مارگ، سبرامنیم بھارتی مارگ، متھرا روڈ، موتی لال نہرو مارگ، ڈاکٹر ذاکر حسین مارگ، افریقہ ایونیو روڈ، ستیہ مارگ، جن پتھ، اشوکا روڈ، بارہ کھمبا روڈ، ٹالسٹائے مارگ، پنچ شیل مارگ اور کمال اتاترک مارگ سمیت دیگر سڑکیں شامل ہیں۔
ٹریفک کا رخ ڈاکٹر دنیش نندنی دالمیا چوک، رام چرن اگروال چوک، میر درد چوک، کستوربا گاندھی مارگ/آؤٹر سرکل، جن پتھ، پٹیل چوک، آر ایم ایل اسپتال راؤنڈ اباؤٹ، وندے ماترم مارگ، دھولا کنواں، موتی باغ، لودھی روڈ اور نیلا گمبد سمیت مختلف مقامات پر تبدیل کیا جائے گا۔ ایڈوائزری میں نئی دہلی، پرانی دہلی اور حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ ہوائی اڈوں جانے والے مسافروں کے لیے متبادل راستے بھی بتائے گئے ہیں۔
اس دوران ہوائی اڈے جانے والے مسافروں کو خاص طور پر میٹرو سے سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ دہلی ٹریفک پولیس نے کہا کہ وی وی آئی پی نقل و حرکت کے دوران بسوں کے راستوں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، جبکہ میٹرو معمول کے مطابق مکمل طور پر چلتی رہے گی۔
ٹیکسی اور آٹو رکشا کو آمدورفت کی اجازت ہوگی، تاہم سڑک کنارے پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، سوائے مقررہ مقامات کے۔ پولیس نے ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں کا سفر کرنے والے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کافی پہلے گھر سے نکلیں اور سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں۔ اس سے قبل دہلی پولیس نے مسافروں کو خبردار کیا تھا کہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی معززین کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک کو عارضی طور پر منظم یا بعض راستوں پر موڑ دیا جا سکتا ہے۔