برکس اجلاس: غذائی تحفظ اور کسانوں پر غور

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2026
برکس اجلاس: غذائی تحفظ اور کسانوں پر غور
برکس اجلاس: غذائی تحفظ اور کسانوں پر غور

 



 اندور:اندور میں جمعہ کے روز ہندوستان کی صدارت میں برکس (BRICS) ممالک کے وزرائے زراعت کا دو روزہ اجلاس شروع ہوا، جس کے ایجنڈے میں غذائی تحفظ، چھوٹے کسانوں کی فلاح اور زرعی شعبے میں خواتین اور نوجوانوں کی زیادہ شمولیت جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔

مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے ’’چھوٹے کسان، خواتین اور نوجوان: خوراک کے مستقبل کا تحفظ‘‘ کے موضوع پر وزارتی مذاکرات کی قیادت کی۔ حکام کے مطابق، ہندوستان کے صاف ترین شہر اندور میں ہونے والا یہ اجلاس برکس رکن ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مضبوط بنانے اور زرعی شعبے کو درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے پر مرکوز ہے۔

اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیوراج سنگھ چوہان نے کہا، ’’ہندوستان جمہوریت کی ماں ہے۔ یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہندوستان برکس کی صدارت کر رہا ہے۔ میرا یقین ہے کہ ہفتہ کو اجلاس کے اختتام پر جب مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا تو ہندوستان کی صدارت میں کئی اہم نتائج حاصل ہو چکے ہوں گے۔‘‘ مرکزی وزیر نے کہا کہ زراعت میں خواتین اور نوجوانوں کا کردار بھی گفتگو کا اہم موضوع ہوگا۔

انہوں نے کہا، ’’ہندوستان اور دیگر کئی ممالک میں خواتین روایتی طور پر زراعت میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ ہم اس شعبے میں ان کی مزید مؤثر شمولیت کے طریقوں پر غور کریں گے۔‘‘ شیوراج سنگھ چوہان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو زراعت کی جانب راغب کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’تمام برکس ممالک کا ماننا ہے کہ اگر نوجوان نئی ٹیکنالوجی اور اختراعات کو اپناتے ہوئے زراعت سے وابستہ ہوں تو خوراک کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس سے عالمی غذائی تحفظ مضبوط ہوگا اور لوگوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘ وزیر نے کہا کہ چھوٹے کسانوں سے متعلق مسائل مذاکرات کا مرکزی محور رہیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان میں 86 فیصد کسان چھوٹے درجے کے ہیں۔

برکس ممالک میں تقریباً 70 فیصد کسانوں کے پاس دو ہیکٹر سے کم زمین ہے۔ انہیں متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے، اس لیے ہم انہیں بااختیار بنانے اور ان کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔‘‘ وزارتی اجلاس سے قبل برکس زرعی ورکنگ گروپ کے تحت حکام کا تین روزہ اجلاس جمعرات کو اندور میں اختتام پذیر ہوا۔