پوری (اڈیشہ): برکس (BRICS) ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (DRR) ورکنگ گروپ کا دوسرا تکنیکی اجلاس بدھ کے روز پوری میں شروع ہوگیا، جس میں رکن ممالک کے پالیسی ساز اور آفات کے انتظام کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس کا مقصد آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا اور خطرات میں کمی کی حکمت عملیوں پر تبادلۂ خیال کرنا ہے۔ یہ تین روزہ اجلاس 5 جون تک جاری رہے گا اور بھارت کی برکس صدارت کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کے جمعرات کو اجلاس میں شرکت کرنے کی توقع ہے۔ اڈیشہ کے وزیر برائے محصولات و آفات انتظامیہ سریش پجاری نے کہا کہ بھارت کی موجودہ برکس صدارت کے دوران یہ ورکنگ گروپ کا پہلا بالمشافہ تکنیکی اجلاس ہے۔ اس سے قبل بھارت کی سربراہی میں پہلا تکنیکی اجلاس 29 اور 30 اپریل کو ورچوئل طریقے سے منعقد ہوا تھا۔
برکس ممالک اور شراکت دار ملکوں کے نمائندے اس اجلاس میں شریک ہیں، جو پہلی بار اڈیشہ میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں آفات سے قبل تیاری، لچکدار نظام کی تعمیر اور بہترین تجربات کے تبادلے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اجلاس کے اہم موضوعات میں آفات کے خطرات میں کمی کے لیے پائیدار مالی وسائل، مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، پیشگی آفات سے نمٹنے کے نظام، کمیونٹی پر مبنی آفات گورننس، موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق نظام، اور آفات کے انتظام میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کا کردار شامل ہیں
اس کے علاوہ مندوبین فطرت پر مبنی حل، مقامی و روایتی علم کے نظام، اور کثیر النوع خطرات کے لیے ابتدائی وارننگ نیٹ ورکس پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔ برکس گروپ میں ابتدا میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل تھے، تاہم 2024 میں مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات کو بھی رکنیت دی گئی، جبکہ انڈونیشیا 2025 میں اس گروپ کا حصہ بنا۔
اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے اس تقریب کو اڈیشہ کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آفات سے نمٹنے اور ان کی تیاری کے شعبے میں ریاست کی کامیابیاں عالمی سطح پر تسلیم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اڈیشہ کے تجربات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے مندوبین کا پوری میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھگوان جگن ناتھ کی سرزمین پوری، برکس ممالک کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا مرکز بنے گی۔ اپوزیشن لیڈر نوین پٹنائک نے بھی اس اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 1999 کے تباہ کن سپر سائیکلون کے بعد اڈیشہ نے آفات کے انتظام میں جو سفر طے کیا ہے، وہ مؤثر تیاری اور فوری ردعمل کی ایک عالمی مثال بن چکا ہے۔ ان کے مطابق مضبوط بنیادی ڈھانچے، بروقت وارننگ سسٹم اور عوامی شمولیت نے اڈیشہ کو عالمی سطح پر منفرد شناخت دلائی ہے۔