برازیل کے نائب صدر ہندوستان کا کریں گے دورہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-10-2025
برازیل کے نائب صدر ہندوستان کا  کریں گے دورہ
برازیل کے نائب صدر ہندوستان کا کریں گے دورہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
برازیل کے نائب صدر جیرالڈو الکمن آئندہ ہفتے ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں، جو برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کے طے شدہ سرکاری دورے سے قبل ہوگا۔ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ، یہ دورہ 3 اکتوبر کو نئی دہلی میں ہونے والے چھٹے ہندوستان-برازیل اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعد ہو رہا ہے، جہاں ہندوستان کے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال اور برازیل کے سفیر سیلسو لوئز نونس اموریم کی قیادت میں وفود نے دفاع و سلامتی، توانائی، نایاب ارضی معدنیات، اہم معدنی وسائل، صحت اور دواسازی جیسے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں جانب کے عہدیداروں نے برِکس ، آئی بی ایس اے  اور آنے والی ماحولیاتی کانفرنس "سی او پی 30"  جیسے بین الاقوامی فورمز میں تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جس کی میزبانی برازیل نومبر میں کرے گا۔ 
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کے طے کردہ وژن پر عمل درآمد کے کام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ صدر لولا کے ہندوستان کے مجوزہ دورے کے دوران تجارت اور اقتصادی امور پر خاص توجہ دی جائے گی۔ فی الحال ہندوستان اور برازیل دونوں امریکہ کی بھاری تجارتی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے پیشِ نظر دونوں ملک دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر غور کر رہے ہیں تاکہ عالمی دباؤ کو متوازن کیا جا سکے۔ صدر لولا بارہا عالمی تجارت کو "ڈالر سے آزاد" کرنے (ڈی ڈالرائزیشن) کی وکالت کر چکے ہیں، جسے ہندوستان نے مستقل طور پر مسترد کیا ہے۔
وزیراعظم مودی کے جولائی 2025 کے برازیل کے سرکاری دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو 20 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کا ہدف طے کیا تھا۔ مالی سال 2024-25 میں ہندوستان اور برازیل کے درمیان دوطرفہ تجارت 12.19 ارب امریکی ڈالر تک پہنچی، جس سے برازیل لاطینی امریکا اور کیریبین میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا۔ یہ اعداد و شمار وزارتِ تجارت و صنعت کے جاری کردہ بیان میں دیے گئے۔
الکمن کے اس دورے کے دوران 7 اکتوبر کو دہلی میں ہونے والی "ہندوستان-برازیل ٹریڈ مانیٹرنگ مکینزم"  کی ساتویں میٹنگ کے نتائج کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ یہ میٹنگ ہندوستان کے سیکریٹری تجارت راجیش اگروال اور برازیل کی وزارتِ ترقی، صنعت، تجارت و خدمات کی سیکریٹری خارجہ تجارت، تاتیانا لاسیرڈا پراذیرس کی مشترکہ صدارت میں ہوئی۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات، مارکیٹ تک رسائی، ہندوستان-مِرکوسر ترجیحی تجارتی معاہدے  کی توسیع، دواسازی، صحت، کیمیکل و پیٹروکیمیکل، ایم ایس ایم ای، بینکنگ و فنانس، صنعتوں کے فروغ، ویزا معاملات، کثیرالجہتی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ الکمن کا یہ دورہ آئندہ سال صدر لولا کے سرکاری دورے کی بنیاد تیار کرے گا اور مودی اور لولا کے درمیان جولائی میں طے شدہ وژن پر عمل درآمد کے عمل کو آگے بڑھائے گا۔