ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے جمعرات کو ریمارکس دیے کہ سوشل میڈیا تک رسائی کسی بھی شخص کو یہ حق نہیں دیتی کہ وہ کسی دوسرے فرد، خواہ وہ عام شہری ہو یا عوامی شخصیت، کے خلاف ہتک آمیز مواد شائع کرے۔ عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے پڑوسی کو مشورہ دیا کہ وہ اداکار کے خلاف اپنی متنازع سوشل میڈیا پوسٹس ہٹانے پر غور کریں۔
سماعت کے دوران جسٹس شرمیلا دیشمکھ نے اس بڑھتے ہوئے رجحان پر سوال اٹھایا کہ لوگ اپنی شکایات متعلقہ حکام کے سامنے لے جانے کے بجائے سوشل میڈیا پر پیش کرتے ہیں۔ عدالت نے کہا، ’’صرف اس لیے کہ کسی شخص کو سوشل میڈیا تک رسائی حاصل ہے، اسے یہ اختیار نہیں مل جاتا کہ وہ کسی بھی فرد کے بارے میں ویڈیوز یا مواد اپ لوڈ کرے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچائے۔‘
‘ یہ تنازع کیتن ککڑ سے متعلق ہے، جو نوی ممبئی کے علاقے پنویل میں سلمان خان کے فارم ہاؤس سے ملحقہ زمین کے مالک ہیں۔ کیتن ککڑ کا الزام ہے کہ سلمان خان نے اپنے فارم ہاؤس کی تعمیر کے دوران ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کی اور ان کی جائیداد تک رسائی میں رکاوٹ پیدا کی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر متعدد بار متعلقہ حکام سے رجوع کیا، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ بعد ازاں سلمان خان نے کیتن ککڑ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا۔
اداکار کا مؤقف ہے کہ ان کے پڑوسی نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز اور دیگر مواد شائع کیا جس میں ان اور ان کے فارم ہاؤس سے متعلق ہتک آمیز الزامات لگائے گئے۔ سلمان خان نے عدالت سے درخواست کی کہ کیتن ککڑ کو متنازع مواد ہٹانے اور مستقبل میں ایسے بیانات دینے سے روکا جائے۔ تاہم ایک دیوانی عدالت نے یہ ریلیف دینے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد اداکار نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
اپنی درخواست میں سلمان خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پوسٹس نے نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ ان میں ان کے خلاف فرقہ وارانہ نوعیت کے حساس تبصرے بھی شامل تھے۔ سماعت کے دوران جسٹس دیشمکھ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا عدالتوں کا وقت بار بار اس بات کا فیصلہ کرنے میں صرف ہونا چاہیے کہ سوشل میڈیا پر شائع کردہ مخصوص مواد ہتک آمیز ہے یا نہیں اور آیا اسے آن لائن برقرار رہنا چاہیے۔ عدالت نے کیتن ککڑ کو مشورہ دیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر متنازع مواد حذف کرنے پر غور کریں۔