بی ایم سی نے ممبئی میں بارش کی وارننگ دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-07-2026
بی ایم سی نے ممبئی میں بارش کی وارننگ دی
بی ایم سی نے ممبئی میں بارش کی وارننگ دی

 



ممبئی
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے جمعرات کو ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ رات اور جمعہ کی صبح تک بعض مقامات پر نہایت شدید بارش کا امکان ہے۔شہری ادارے کے مطابق، شہر میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
بی ایم سی نے بتایا کہ جمعرات کو دوپہر 1:45 بجے اور 3 جولائی کو رات 1:31 بجے سمندر میں اونچی لہریں (ہائی ٹائیڈ) متوقع ہیں، جبکہ جمعرات کی شام 7:49 بجے اور جمعہ کی صبح 7:11 بجے بھاٹا (لو ٹائیڈ) آئے گا۔
بی ایم سی کے مطابق، یکم جولائی کی صبح 8 بجے سے 2 جولائی کی صبح 8 بجے تک کے 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں اوسطاً 172 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مشرقی مضافات میں 189 ملی میٹر اور مغربی مضافاتی علاقوں میں 165 ملی میٹر بارش ہوئی۔جمعرات کو صبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد ممبئی کے کئی علاقے شدید آبی جماؤ کا شکار ہو گئے، جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔
اندھیری، نوی ممبئی، کرلا ایسٹ، ایس جی باروے روڈ، سندھی سوسائٹی، چیمبور، کنگز سرکل اور گاندھی مارکیٹ سے موصولہ تصاویر میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت شدید متاثر دکھائی دی۔
شہر میں مسلسل بارش کے باعث ممبئی کے دادر ریلوے اسٹیشن پر بھی ریلوے پٹریاں زیر آب آ گئیں۔دریں اثنا، پانی بھرنے والے علاقوں کے رہائشیوں نے مون سون کے دوران بار بار پیش آنے والی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
ایک مقامی رہائشی نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کافی عرصے سے یہ صورتحال دیکھ رہا ہوں۔ تھوڑی سی بارش بھی شدید آبی جماؤ کا سبب بن جاتی ہے۔ حکومت کو یہاں پانی بھرنے کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔
ریلوے حکام کے مطابق، شدید بارش کے باعث کم ہوتی حدِ نگاہ کے سبب جمعرات کی صبح ممبئی کے سینٹرل ریلوے نیٹ ورک پر ٹرین خدمات بھی تاخیر کا شکار رہیں۔سینٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر (سی پی آر او) کے مطابق، ریلوے نیٹ ورک کے متعدد حصوں میں حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔
ادھر، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ممبئی، تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ تین گھنٹوں، یعنی صبح 10:45 بجے تک، بعض مقامات پر درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کمزور عمارتوں، نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہیں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور موسم سے متعلق تازہ ترین معلومات پر مسلسل نظر رکھیں۔