بھارتیہ جنتا پارٹی کا ممتا بنرجی کی تقاریر پر اعتراض، الیکشن کمیشن کو خط

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2026
بھارتیہ جنتا پارٹی کا ممتا بنرجی کی تقاریر پر اعتراض، الیکشن کمیشن کو خط
بھارتیہ جنتا پارٹی کا ممتا بنرجی کی تقاریر پر اعتراض، الیکشن کمیشن کو خط

 



 کولکاتا: بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل کے روز مغربی بنگال کے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس سے جاری انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہو رہی ہے۔

پارٹی نے اپنی شکایت میں ووٹروں کو مبینہ طور پر دھمکانے کے چند واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 25 مارچ 2026 کو شمالی بنگال کے مَیناگروری میں ایک عوامی جلسے کے دوران وزیر اعلیٰ نے مبینہ طور پر کہا کہ انتخابات کے بعد عوام کو اپنے گھروں کے باہر ایسے پوسٹر لگانے پر مجبور کیا جائے گا جن پر لکھا ہوگا کہ ہم بی جے پی کی حمایت نہیں کرتے۔

چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ہم آپ کی فوری توجہ ان تشویشناک بیانات اور پیش رفت کی جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں جو اشتعال انگیزی دھمکی اور تشدد پر اکسانے کی ایک منظم مہم کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف جاری انتخابی عمل کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے بلکہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ انتخابی اور فوجداری قوانین کی بار بار خلاف ورزی بھی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے مختلف عوامی جلسوں میں دیے گئے بیانات سے ایسا لگتا ہے کہ ووٹروں میں خوف پیدا کر کے انہیں متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔

خط میں مزید مثال دیتے ہوئے کہا گیا کہ مذکورہ بیان براہ راست سیاسی آزادی اور ووٹروں کے حق رائے دہی کے خلاف ایک سنگین دھمکی کے مترادف ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر الزام لگایا ہے کہ 2026 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں جمہوری حقوق کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کارکنان مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر میں جعلی فارم 6 درخواستوں کی بڑی تعداد جمع کرا رہے ہیں تاکہ غیر مقامی افراد کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف لاکھوں حقیقی ووٹرز کی درخواستیں زیر التوا ہیں جبکہ دوسری طرف ان مشتبہ درخواستوں کو تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ آزادانہ اور شفاف انتخابات پر براہ راست حملہ ہے۔

اس سے قبل اتوار کے روز پورولیا میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے بی جے پی پر فسادات بھڑکانے کا الزام لگایا اور کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو عوام غیر سبزی غذا بھی استعمال نہیں کر سکیں گے۔