اگرتلہ: بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار جہر چکرورتی نے تری پورہ کی دھرم نگر اسمبلی نشست کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کر لی۔
انہوں نے اپنے قریب ترین حریف بائیں بازو جماعت سی پی آئی ایم کے امیدوار سے تقریباً اٹھارہ ہزار نو سو بیس ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔
جہر چکرورتی کو چوبیس ہزار دو سو اکانوے ووٹ ملے جبکہ سی پی آئی ایم کے امیدوار امت بھ دتہ کو چھ ہزار ایک ووٹ حاصل ہوئے۔ کانگریس کے امیدوار چایان بھٹّاچاریہ کو پانچ ہزار نو سو چھتیس ووٹ ملے۔
یہ ضمنی انتخاب دسمبر دو ہزار پچیس میں تری پورہ اسمبلی کے اسپیکر بسوا بندھو سین کے انتقال کے باعث منعقد ہوا تھا۔ اس انتخاب میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ اناسی اعشاریہ چوراسی فیصد رہا۔
اس کامیابی کے بعد تری پورہ اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین کی تعداد تینتیس ہو گئی ہے جبکہ اس کی اتحادی جماعت ٹی پیرا موتھا پارٹی کے تیرہ اور آئی پی ایف ٹی کا ایک رکن موجود ہے۔
وزیر اعلیٰ منک ساہا نے دھرم نگر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ اعتماد حکومت کی ذمہ داری کو مزید بڑھاتا ہے اور حکومت ترقی امن اور خوشحالی کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔